Book Name:Faizan-e-Madani Inamaat

معمول بنالیتا ہے،اپنے اعمال کا ہروقت جائزہ لیتا رہتا ہے تو اس کی یہ اچھی عادت اسے گُناہوں سے بچانے میں مُعاوِن ثابِت ہوتی ہےجیسا کہ اُس نیک شخص کا دِل جونہی گُناہ کی طرف مائل ہواتوفکرِ مدینہ(یعنی اپنا مُحاسبہ کرنے) کی عادت کی وجہ سے فوراً ہی اُس کے منہ سے یہ جُملہ نِکلا :”اے نَفْس!اللہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈر ۔“اور پھر اُس پر خوفِ خُدا ایسا غالب ہوا کہ وہ گناہ سے بچ گیا ۔یہ بھی پتا چلا کہ مُشکل وقت میں نیکیاں کام آتی ہیں ،بسا اوقات ان  کی وجہ سے اللہ عَزَّوَجَلَّ  کی ایسی مَدَد حاصل ہوتی ہے کہ بڑی سے بڑی مُصِیْبت بھی آسان ہوجاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ جب اُس نیک شخص نے گُناہ سے چُھٹکارا پانے کے لئے اپنی عبادات کا وسیلہ پیش کرتے ہوئے چھت کی بُلندی سے چھلانگ لگائی تو مَدَدِ اِلٰہی کی وجہ سے جانی ہلاکت و جسمانی مُصِیْبت سے محفوظ رہا۔

یادرہے! کہ ہماری شریعت میں اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالنے کی اجازت نہیں۔بہر حال ہمیں بھی چاہئے کہ اپنے اَعْمال کا مُحاسَبہ کرتے ہوئے خُود کو گُناہوں سے بچائیں اور زیادہ سےزیادہ نیک اَعْمال بجالائیں،نیک اَعْمال کی وجہ سے نہ صرف مَدَدِ الٰہی حاصل ہوتی ہے بلکہ دُنیا و آخرت کی بے شُمار سَعادتیں بھی نصیب ہوتی ہیں، اس کے علاوہ نیکیاں گُناہوں کو مِٹانے کا ذریعہ بھی ہیں،قرآنِ کریم میں ترغیب کیلئے جا بجانیک اعمال  کے فضائل بیان کیے گئے ہیں ،چُنانچہ پارہ 30سُوْرَۂ بَیِّنَۃکی آیت نمبر7 اور8 میں اِرْشاد ہوتا ہے:

اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِۙ-اُولٰٓىٕكَ هُمْ خَیْرُ الْبَرِیَّةِؕ(۷)جَزَآؤُهُمْ عِنْدَ رَبِّهِمْ جَنّٰتُ عَدْنٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۤ اَبَدًاؕ-رَضِیَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَ رَضُوْا عَنْهُؕ-

ترجَمۂ کنزالایمان:بے شک جو ایما ن لائے اور اچّھے کام کئے وُہی تمام مخلوق میں بہتر ہیں۔اُن کا صِلہ اُن کے رَبّ کے پاس بسنے کے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بَہیں اُن میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں اللہ اُن سے راضِی اور وہ اُس سے راضی ۔