Book Name:Tauba Karnay Walon kay Waqiyat

زاہد نگاہِ تنگ سے کسی رِند کو نہ دیکھ

شاید کہ اس کریم کوتُو ہے کہ وہ پسند

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!       صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

میٹھے میٹھے اسلامی  بھائیو!توبہ کرنے والوں کے واقعات سُن کریقیناً ہمارا بھی گُناہوں سے بچنے اور توبہ کرنے کا ذِہْن بنا ہوگا ۔اَوَّلاً توہمیں  گُناہوں سے اِجْتناب(یعنی بچنا) ہی کرنا چاہیے، مگر بَتقاضائے بَشَرِیَّت کبھی دانستہ یانادانستہ کوئی گُناہ سرزدہوجائےتو توبہ میں ہر گِز ہرگِز تاخیرنہیں کرنی چاہیئے،بلکہ اپنے رَبّ عَزَّ  وَجَلَّ کی بارگاہ میں اِنْتہائی عاجزی وزاری کرتے ہوئے توبہ کر لینی چاہئے کہ توبہ کرنے والوں کو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  پسند فرماتاہےاور ان کی توبہ بھی قبول کرلیتاہے۔

اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی شانِ غَفّاری

        حضرتِ سَیِّدُنا اَبُو ہُرَیْرَہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مَروی ہے کہ تاجدارِ رِسالت،مُحْسنِ اِنْسانِیَّت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا:’’اگر تم گُناہ کرتے رہو ،یہاں تک کہ وہ آسمان تک پہنچ جائیں، پھر تم توبہ کرو،تو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ تمہاری توبہ قَبول فرمالے گا۔‘‘ (ابن ماجہ، کتاب الزہد، باب ذکر التوبۃ، ۴/۴۹۰، حدیث:۴۲۴۸)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!توبہ کے بعد اس پر اِسْتِقامت  حاصل ہوجانا  ہی اَصْل کامیابی ہے۔ لہٰذا  توبہ پر اِسْتِقامت پانے، گُناہوں سےدامن چُھڑانے اورنیکیوں میں دل لگانے کے لئے گُناہوں کے اَنْجام اور توبہ پر ملنے والے اِنْعام واِکْرام کو پیشِ نظررکھئے اور وَقتاً فوقتاً توبہ کرنے والوں کے واقعات بھی پڑھتے رہیے،اِنْ شَآءَاللہعَزَّ  وَجَلَّ توبہ پرضروراِسْتِقامت نصیب ہوگی۔اس کے لیے مکتبۃُالمدینہ کی مطبوعہ 132صفحات پر مُشْتمل کتاب ’’توبہ کی روایات وحکایات‘‘ کامُطالَعہ بے حدمُفید ہے۔