Book Name:Aqeeda e Khatme Nabuwat
مصطفےٰ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے بعد کوئی اَور نبی آ سکتا ہے یا نہیں؟ لیکن سُوال کرنے والے نے یہ نہیں پوچھا کہ کوئی اَور نبی آ سکتا ہے یا نہیں؟ اس نے پوچھا: کوئی دُوسرا مُحَمَّد پیدا ہو سکتا ہے کہ نہیں؟ اب سنیئے! عاشِقِ آخری نبی، سیدی اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کا جواب...!! آپ کے ارشادات کا خُلاصہ ہے، فرمایا: وہ مُحَمَّد صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ جو اللہ پاک کے رسول ہیں، اَوَّل بھی ہیں، آخِر بھی ہیں، ظَاہِر بھی ہیں، بَاطِن بھی ہیں، نبیوں کے سردار بھی ہیں، مالِک و مختار بھی ہیں، اللہ پاک نے جنہیں رَحْمَۃٌ لِّلْعَالَمِیْن بھی بنایا اور خَاتَمُ النَّبِیّٖن کا تاج بھی اُن کے سَر پر سجایا، ان کے جیسا دُنیا میں کوئی دُوسرا نہیں ہو سکتا، جس طرح دُوسرا خُدا ہونا ناممکن ومحال ہے، ایسے ہی دوسرا مصطفےٰ ہونا بھی ناممکن و محال ہے۔ ([1])
پیارے اسلامی بھائیو! یہ تَو اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کا جواب تھا، اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے اس کی جو دلیل دی، اب وہ سنیئے! لکھتے ہیں: ہمارے آقا و مولیٰ، مُحَمَّدِمصطفےٰ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ وہ عظیمُ الشَّان، بے مثل و بےمثال ہستی ہیں، جن کو رَبِّ کائنات نے خَاتَمُ النَّبِیّٖن (یعنی سب سے آخری نبی) بنا کر بھیجا ہے، اب فرض کیجئے! اگر کوئی دُوسرا مُحَمَّد پیدا ہونا ممکن ہے تو ہم پوچھتے ہیں، وہ دوسرا جو آئے گا،کیا وہ بھی خَاتَمُ النَّبِیّٖن (یعنی سب سے آخری نبی )ہو گا یا نہیں ہو گا؟ اگر کہو کہ وہ خَاتَمُ النَّبِیّٖن نہیں ہو گا،پِھر تو مُحَمَّدِ مصطفےٰ نہ ہوا، اگر کہو کہ وہ خَاتَمُ النَّبِیّٖن بھی ہو گا، پِھر ہمارے آقا و مولیٰ،مُحَمّدِ مصطفےٰ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ آخری نہ رہے، کیونکہ آخری صِرْف ایک ہی ہوتا ہے، لہٰذا ثابِت ہو گیا کہ رَبِّ کائنات نے صِرْف ایک ہی مُحَمَّدِ مصطفےٰ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ بنائے ہیں، نہ آپ سے پہلے کبھی کوئی آپ جیسا