Kamyabi Ke Teen Usool

Book Name:Kamyabi Ke Teen Usool

دُنیا کی سب سے پہلی کامیابی کیسے حاصِل کی گئی؟

آپ کو ایک ایمان افروز بات بتاؤں! انسان جب اس دُنیا میں آیا، جب اس زمین پر قدم رکھے تو اس زمین پر انسان کو جو سب سے پہلی کامیابی ملی تھی، وہ بھی نامِ مصطفےٰ  صلّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کے وسیلے ہی سے ملی تھی۔ جی ہاں! حدیثِ پاک میں ہے اور یہ حدیثِ پاک امام حاکِم نے، امام بیہقی نے اور بہت سارے مُحَدِّثِین نے ذِکْر کی ہے، حدیثِ پاک کا خُلاصہ یہ ہے کہ حضرت آدم  علیہ السَّلام  سے جنّت میں وہ جو ایک لغزش ہو گئی تھی  ( وہ گُنَاہ نہیں تھا، غلطی نہیں تھی بلکہ ایک لغزش تھی مگر

جن کے رُتبے ہیں سِوا، ان کی سِوا مشکل ہے

جو بڑے رُتبے والے ہوتے ہیں، وہ اپنی معمولی لغزش کو بھی کم نہیں سمجھتے، خیر! اللہ پاک نے حضرت آدم  علیہ السَّلام  کو زمین میں اپنا خلیفہ بنایا تھا، چنانچہ آپ کو زمین پر اُتار دیا گیا ) ، اب حضرت آدم  علیہ السَّلام  کو اپنی اس لغزش کے سبب اللہ پاک سے بہت حیاء آتی تھی  ( بعض روایات میں ہے: آپ اس سبب سے300 سال روتے رہے ( [1] )  ) ، آخر آپ نے اللہ پاک کی بارگاہ میں یُوں عرض کیا: اے اللہ پاک! مجھے مُحَمَّد  صلّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کے صدقے میں مُعَاف فرما دے۔

بس پیارے محبوب  صلّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کا وسیلہ پیش کرنے کی دَیْر تھی، اللہ پاک نے آپ کی لغزش کو معاف بھی فرما دیا اور ساتھ ہی فرمایا: اے آدم! لَوْ لَا مُحَمَّد لَمَا خَلَقْتُکَ اگر  ( میرے محبوب )  مُحَمَّد  صلّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  نہ ہوتے تو میں آپ کو بھی پیدا نہ فرماتا۔ ( [2] )  

نوح و خلیل و موسیٰ و عیسیٰ                                                                                      سب کا ہے آقا نامِ مُحَمَّد


 

 



[1]... تفسیر درمنثور، البقرۃ، زیر آیت:36، جلد:1، صفحہ:142۔

[2]... مستدرك، كتاب آیات رسول اللہ...دلائل النبوۃ، باب استغفار آدم...الخ، جلد:3، صفحہ:517،  حدیث:4286 خلاصۃً۔