Book Name:Namaz Na Parhny Ke Nuqsanat
پیارے اسلامی بھائیو ! اللہ پاک کا ہم گنہگاروں پر کرم ہوا ، اس بےنیاز نے ہمیں رمضانُ الْمُبَارَک کی نعمت نصیب فرمائی۔ * وہ خوش نصیب جنہوں نے ماہِ رمضان کے روزے رکھے * تراوِیح ادا کیں * تِلاوتِ قرآن میں مَصْرُوف رہے * ذِکْرُ اللہ اور درودِ پاک کی کثرت کرتے رہے * جنہوں نے زکوٰۃ ادا کی * صدقہ و خیرات کر کے اپنی نیکیوں میں اِضافہ کرتے رہے ، اللہ پاک اُن سب کے نیک اَعْمال اپنی پاک بارگاہ میں قبول فرمائے ، ماہِ رمضان کے حق کی ادائیگی میں جو کمی کوتاہی ہم سے رہ گئی ، اللہ کریم اپنے کرم سے ہمیں مُعَاف فرمائے۔ کاش ! زِندگی میں پھر بلکہ بار بار ہمیں رمضانُ الْمُبَارَک پانے اور اس کی برکتیں سمیٹنے کی سعادت نصیب فرمائے۔ کاش ! آیندہ سال کا رمضان مدینۂ منورہ میں گنبدِ خضریٰ کے سائے میں مسجدِ نبوی شریف میں گزارنا نصیب ہو جائے۔
اِک بار تو دِکھا دو رمضان میں مدینہ بیشک بنا لو آقا مہمان دو گھڑی کا ( [1] )
اے عاشقانِ رسول ! جس طرح رمضانُ الْمُبَارَک مِل جانا ایک سَعَادت ہے ، ایسے ہی ماہِ رمضان کی برکتوں کو باقِی رکھ پانا ، ذوقِ رمضان کو برقرار رکھ پانا بھی بڑی سَعَادت ہے۔ اب ہمیں یہ دُعا کرنی چاہئے کہ اللہ پاک ہماری رمضانُ الْمُبَارَک میں کی گئی عِبَادت کو اپنی پاک بارگاہ میں قبول بھی فرما لے اور ہمیں اس پر استقامت بھی عطا فرما دے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖنَ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب ! صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد