Book Name:بسم اللہ Sharif ki Barkat

زہر نے اَثَر نہ کیا... !  !

ایک مرتبہ صحابئ رسول حضرت خالِدبن ولید رَضِیَ اللہ عنہ سے کچھ مَجوسیوں نے عَرْض کیا : آپ ہمیں کوئی ایسی نشانی بتایئے جس سے ہم پراسلام کی سچائی واضِح ہو۔ حضرت خالِد بن ولید رَضِیَ اللہ عنہ نے زہرِقاتِل منگوایا اور بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھ کراُسے پی لیا۔ بِسْمِ اللہ  کی بَرَکت سے اُس زہرِقاتل نے آپ رَضِیَ اللہ عنہ پرکو ئی اثرنہ کیا۔یہ منظردیکھ کرمَجوسی ( یعنی آگ کی پُوجا کرنے والے ) بے ساخْتہ پکاراُٹھے  : دینِ اسلام حق ہے۔ ( [1] )

پیارے اسلامی بھائیو !  معلوم ہوا کہ کھانے یاپینے سے قبل بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھ لینے سے جہاں آخِرت کا عظیم ثواب ہے وہیں دنیامیں بھی اس کا یہ فائدہ ہے کہ اگرکھانے یاپینے کی چیز میں کوئی نقصان دہ اَجزا شامل ہوں بھی تووہ  اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم !   نقصان نہیں کریں گے ۔ خیال رہے !  حضرت خالِد بن ولید رَضِیَ اللہ عنہ  بلند رُتبہ صحابی اور ولئ کامِل ہیں ، آپ پر زہر نے اَثَر نہیں کیا ، یہ آپ کی کرامت اور بہت اعلیٰ درجے کا تَوَکُّل ہے ، ہم جیسوں کو ایسی کوشش کرنا یعنی جان بُوجھ کر نقصان دِہ چیز کھانا پینا جائِز نہیں۔

 وضو سے پہلے بِسْمِ اللہ پڑھیئے !

حضرت ابُوہُریرہ  رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے ، سرکارِمدینہ ، سلطانِ باقرینہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم   نے فرمایا  : اے ابُوہریرہ ! جب تم وُضوکر و تو بسم اللہ وَالْحَمْدُ لِلّٰہ پڑھ  لیاکرو جب تک تمہارا وُضوباقی رہے گااُس وَقْت تک تمہارے فِرِشتے ( یعنی کِراماً کاتِبِین  ) تمہارے لئے نیکیاں لکھتے رہیں گے۔ ( [2] )


 

 



[1]... تفسیرِ کبیر ، پارہ : 1 ، سورۂ فاتحہ ، جلد : 1 ، صفحہ : 155۔

[2]... معجم صغیر للطبرانی ، صفحہ : 168 ، حدیث : 196۔