Book Name:Faizan e Ramzan

رمضان المبارک کے بعض فضائل

سرکارغَوْثِ اَعظم ، شیخ عبد القادر جیلانی رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ  فرماتے ہیں : لفظ رمضان  میں 5 حروف ہیں ، (1) : پہلا حرف : رَا ، اس سے مراد ہے : رِضْوَانُ اللہ یعنی رِضَائے الٰہی۔ (2) : دوسرا حرف ہے : میم ، اس سے مُرَاد ہے : مَحَابَاۃُ اللهِ عَنِ الْعُصَاۃِ  یعنی اللہ پاک کا گنہگاروں پر رحمت ومہربانی فرمانا۔ (3) : لفظ رمضان میں تیسرا حرف ہے : ضَاد ، اس سے مراد ہے : ضَمَانُ اللہ یعنی اللہ پاک کی امان۔  (4) : چوتھا لفظ : اَلِف ، اس سے مراد اُلْفَۃُ اللہ (محبتِ الٰہی) ہے اور (5) : پانچویں حرف “ نون “ سے مراد ہے : نُوْرُ اللہ۔ پس معلوم ہوا رمضان المبارک اللہ پاک کی رضا ملنے کا مہینا ہے ، رمضان المبارک گنہگاروں پر رحمت برسنے کا مہینا ہے ، رمضان المبارک اللہ پاک کی امان ملنے کا مہینا ہے اور رمضان المبارک اللہ پاک کی محبت نصیب ہونے اور نورِ الٰہی ملنے کا مہینا ہے۔

حُضورغوث پاک رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ  مزید فرماتے ہیں : رمضان کی مثال سینے میں دِل جیسی ہے ، دِل کو نورِ ایمان اور نورِ معرفت سے زینت و خوبصُورتی ملتی ہے ، اسی طرح رمضان المبارک کو تلاوتِ قرآن کے نور سے آراستہ ومُزَیَّن کیا جاتا ہے ، رمضان کی مثال انسانوں میں انبیاجیسی ہے ، انبیا مُجْرِموں کی شفاعت کرتے ہیں ، اسی طرح رمضان بھی روزہ داروں کی شفاعت فرمائے گا اور رمضان کی مثال شہروں میں مکہ اور مدینہ جیسی ہے کہ ان شہروں میں دَجَّال داخِل نہیں ہو سکے گا ، اسی طرح رمضان المبارک میں سرکش شیطانوں کو زنجیریں ڈال کر قید کر دیا جاتا ہے۔  ان تمام برکتوں ، فضیلتوں کے ہوتے ہوئے بھی جو شخص رمضان المبارک میں بھی اپنی بخشش نہ کروا سکے تو اور کس مہینے میں بخشا جائے گا؟