Book Name:Faizan e Ramzan
آسمانی کتابیں نازِل ہونے کا مہینا
پیارے اسلامی بھائیو!رمضان المبارک واقعی عَظِیْمُ الشَّان ہے ، اس کی شان وعظمت اور برکت ورِفْعَت کا اندازہ اس سے لگائیے کہ اللہ پاک نے انسان کی ہدایت و رہنمائی کے لئے ، انسان کو جنّت کا راستہ بتانے کے لئے مختلف زمانوں میں 4 بڑی آسمانی کتابیں نازِل فرمائیں : (1) : تَوْرات (2) : زَبُوْر (3) : انجیل اور (4) : قرآنِ کریم۔ یہ چاروں کتابیں نازِل کرنے کے لئے اللہ پاک نے جس مہینے کا انتخاب کیا ، وہ ماہِ رمضان ہے۔ مُسْنَدِ امام اَحْمد کی روایت ہے ، اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : *حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کے صحیفے رمضان کی پہلی رات نازِل ہوئے ، *تَوْرات شریف رمضان المبارک کی 7وِیں رات نازِل ہوئی ، *انجیل شریف رمضان المبارک کی 14 وِیں رات نازِل ہوئی([1]) اور مُصَنَّف اِبْنِ اَبِی شَیْبَہ کی روایت میں ہے : *زَبُوْر شریف رمضان المبارک کی6تاریخ کو نازِل ہوئی ۔ ([2]) باقِی رہا قرآنِ کریم تو اللہ پاک نے رمضان المبارک کا تَعَارُف ہی ان الفاظ سے کروایا ہے :
شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْۤ اُنْزِلَ فِیْهِ الْقُرْاٰنُ (پارہ2 ، سورۃالبقرۃ : 185)
ترجمہ کنز الایمان : رمضان کا مہینا جس میں قرآن اُترا۔
تجھ پہ صَدْقے جاؤں رمضاں! تُو عظیمُ الشَّان ہے
تجھ میں نازِل حق تَعَالیٰ نے کیا قرآن ہے([3])