Book Name:Faizan e Ramzan

سجدے پر 1500 نیکیاں ، جَنّت میں سُرخ یاقوت کا گھر اور اتنا بڑا درخت کہ گھوڑے سُوار 500 سال تک اس کے سائے میں چلتا رہے۔ سُبْحٰنَ اللہ! سُبْحٰنَ اللہ! اس سے وہ لوگ عبرت حاصِل کریں جو معاذ اللہ! نمازِ تراویح نہیں پڑھتے یا پڑھتے بھی ہیں تو 20 پُوری نہیں پڑھتے۔ غَور کیجئے ، نمازِ تراویح کی 20 رکعتوں میں کل 40 سجدے ہیں ، یعنی جو 20 رکعت تراویح پڑھے تو اللہ پاک کی رحمت سے اُمِّید ہے کہ اسے 60 ہزار نیکیاں ملیں گی ، جنت میں 40 درخت لگیں گے ، یہ ابھی صِرْف سجدوں کی نیکیاں ہیں ، قیام ، رکوع اور نمازِ تراویح میں قرآنِ کریم سننے ، اتنی دیر مسجد میں رہنے وغیرہ کا ثواب اس کے عِلاوہ ہے۔ جو نادان 8 رکعت تراویح پڑھ کر گھروں کو چلے جاتے ہیں ، وہ گویا 36 ہزار نیکیوں اور 24 جنتی درختوں سے محروم رہتے ہیں اور جو 12 رکعت پڑھ کر تھک جاتے ہیں ، وہ 24 ہزار نیکیوں اور 16 جنتی درختوں سے محروم رہتےہیں ، یہ ابھی حدیثِ پاک میں بیان کی گئی تعداد کے مُطَابِق ظاہری گنتی ہے ، رحمتِ الٰہی کی وُسْعت پر نگاہ رکھی جائے تو پوری 20 رکعت نمازِ تراویح پڑھنے والوں کی خوش نصیبی اور ادھوری تراویح پڑھ کر لوٹ جانے والوں کی محرومیوں کا اندازہ لگانا ممکن ہی نہیں ہے۔

اللہ پاک ہم سب کو ہدایت نصیب فرمائے اور پُورا ماہِ رمضان پُوری 20 رکعت تراویح پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم۔

بھائیو! بہنو! کرو سب نیکیوں پر نیکیاں             پڑ گئے دوزَخ پہ تالے ، قید میں شیطان ہے

بھائیو! بہنو! گُنَاہوں سے سبھی توبہ کرو              خُلد کے دَر کھل گئے ہیں داخِلہ آسان ہے([1])

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]...وسائل بخشش ، صفحہ : 706۔