Book Name:Faizan e Ramzan

آئیے! اَحادیث میں بیان کئے گئے ماہِ رمضان کے مزید فضائل سُنتے ہیں ، اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : *جب رمضان المبارک کی پہلی رات آتی ہے تو اللہ پاک میری اُمَّت کی طرف رحمت کی نظر فرماتا ہے اور جس کی طرف اللہ پاک نظرِ رحمت فرمائے ، اسے کبھی بھی عذاب نہ دے گا۔ *رمضان المبارک کی ہر رات فرشتے میری اُمَّت کے لئے مغفرت کی دُعائیں کرتے رہتے ہیں۔ ([1]) *بےشک سال کے شروع (یعنی عید الفطر کا چاند نظر آنےسے لے کر) اگلے سال تک جنّت رمضان المبارک کے لئے سجائی جاتی ہے۔ ([2])*رمضان المبارک میں افطار کے وقت روزانہ 10 لاکھ گنہگاروں کی مغفرت کر دی جاتی ہے اور شبِ جمعہ اور روزِ جمعہ (یعنی جمعرات کو سورج غروب ہونے سے لے کر جمعہ کو سورج غروب ہونے تک) ہر ہر گھڑی میں 10 ، 10 لاکھ کی مغفرت کر دی جاتی ہے اور یہ سب مغفرت پانے والے وہ ہیں جن پر جہنّم واجب ہو چکی تھی۔ ([3]) پھر جب رمضان المبارک کی 29 وِیں رات آتی ہے تو مہینے بھر میں جتنے جہنّم سے آزاد کئے گئے تھے ، ان کے مجموعے کے برابر اس ایک رات میں آزاد کر دئیے جاتے ہیں۔ ([4])

کاش! ماہِ رمضان میں مغفرت کی خیرات پانے والے خوش نصیبوں میں ہمارا بھی نام شامِل ہو جائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم۔

عصیاں سے کبھی ہم نے کنارہ نہ کیا                    پَر تُو نے دِل آزُردہ ہمارا نہ کیا

ہم نے تو جہنّم کی بہت کی تجویز                             لیکن تری رحمت نے گوارا نہ کیا

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]...شُعَبُ الْاِیْمَان ، باب : فی الصیام ، جلد : 3 ، صفحہ : 303 ، حدیث : 3603ملتقطًا۔

[2]...شُعَبُ الْاِیْمَان ، باب : فی الصیام ، جلد : 3 ، صفحہ : 312 ، حدیث : 3633۔

[3]...کَنزُ الْعُمَّال ، جزء : 8 ، جلد : 4 ، صفحہ : 223 ، حدیث : 23716۔

[4]...کَنزُ الْعُمَّال ، جزء : 8 ، جلد : 4 ، صفحہ : 219 ، حدیث : 23702ملتقطًا۔