Book Name:Islami Bhai Charah

دیکھ لیں انہیں کسی کروٹ چین نہیں آتا۔ محبتوں کے یہ چور یعنی چغل خور چاہے دنیا میں کتنے ہی معزز کیوں نہ ہوں مگر ان کا شُمار اللہ  پاک کے نزدیک بدترین لوگوں میں ہوتا ہے ، جیسا کہ

نبی کریم   صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : اللہ کریم کے بد ترین بندے وہ ہیں جو لوگوں میں چغلی کھاتے پھرتے ہیں اور دوستوں کے درمیان جدائی ڈالتے ہیں۔ (مسند احمد ، ۱۰ / ۴۴۲ ، رقم : ۲۷۶۷۰) بُزُرگانِ دین فرماتے ہیں : عقلوں کے دشمنوں اورمحبتوں کے چوروں سے بچو ، یہ چور بدگوئی کرنے والے اورچُغلی کھانے والے ہیں اور چور تومال چُراتے ہیں جبکہ یہ(غیبتیں اور چغلیاں کرنے والے)لوگ محبتیں چُراتے ہیں۔ (مُسْتَطْرَف ، ۱ / ۱۵۱)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                           صَلَّی اللّٰہُ  عَلٰی مُحَمَّد

پیارے پیارے اسلامی بھائیو! نفرتیں پیدا  کرنے والے چند اُمور كے بارے میں سُن كراُمید ہے کہ انہیں چھوڑنے کا ذہن بنا ہو گا۔ آئیے! اب كچھ ایسے کاموں سے متعلق بھی سُنتے ہیں جو مسلمانوں میں  محبت کا رِشتہ مَضبُوط بنانے اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں  كارآمد ثابت ہوسکتے ہیں ،   چنانچہ

مُسکرا کر ملنا

مسلمانوں کے دلوں میں مَحَبَّت پیدا کرنے کیلئے ملاقات کے وقت مسکراکر ملنے کی عادَت بنائیے کہ مُسکرانا  ہمارے پیارے آقا  صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سُنَّت ہےچُنانچِہ حضرت اُمِّ دَرداء رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہا ، حضرت ابو دَرداء  رَضِیَ اللہُ  عَنْہُ کےمُتَعَلِّق فرماتی ہیں : وہ ہر بات مُسکرا کر کیا کرتے ، جب میں نے ان سے اس بارے میں پوچھا تو اُنہوں نے جواب دیا : میں نے نبیِ کریم  صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کودیکھا کہ آپ  صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  دَورانِ گفتگو مسکراتے رہتے تھے۔