Book Name:Islami Bhai Charah

کاشانہ عظمت میں ڈالتا رہتا مگر آپ خاموش ہی رَہتے۔ آخرِکا ر ایک دن اُس نے خود ہی آکر عرض کی : جناب !میرے پرنالے سے گرنے والی نَجاست کی وجہ سے آپ کوکوئی شکایت تو نہیں ؟آپ نے نہایت ہی نرمی کے ساتھ فرمایا  : پرنالے سے جوگندَگی گر تی ہےاُس کو جھاڑودےکردھوڈالتاہوں۔ اس نےکہا : آپ کو اتنی تکلیف ہونے کےبا وُجُودغصہ نہیں آتا؟فرمایاآتاتو ہےمگر پی جاتا ہوں ، کیونکہ خدائے پاک کا فرمانِ محبت نشان ہے

وَ  الْكٰظِمِیْنَ  الْغَیْظَ  وَ  الْعَافِیْنَ  عَنِ  النَّاسِؕ-وَ  اللّٰهُ  یُحِبُّ  الْمُحْسِنِیْنَۚ(۱۳۴)  (پ  ۴ ، اٰل عمران : ۱۳۴)

ترجَمۂ کنز العرفان : اور غصہ پینے والے اور لوگوں سے در گزر کرنے والے ہیں اور اللہ نیک لوگوں سے محبت فرماتا ہے۔

یہ جواب سُن کر وہ مسلمان ہوگیا۔ (تذکِرۃُ الاولیاء ص۵۱)

سلام و مصافحہ کرنا اور تحفہ پیش کرنا

پیارے پیارے اسلامی بھائیو!مسلمانوں سے ملتے وقت سلام و مصافحہ کرنا اور وقتاً فوقتاً انہیں جائز تحائف پیش کرنا بھی محبتیں بڑھانے اور عداوتیں مٹانے کے لئے نہایت مجرب ہے۔ نبیِّ کریم   صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  نے فرمایا : مصافحہ کیا کرو کینہ دور ہوگا ، تحفہ دیا کرو محبت بڑھے گی اور بُغْض دور ہوگا۔

 (موطا امام مالک ، کتاب حسن الخلق ، ۲ / ۴۰۷ ، حدیث : ۱۷۳۱)

حکیمُ الاُمَّت حضر ت مفتی احمد یار خان  رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ  اِس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں : یہ دونوں عمل بہت ہی مُجَرَّب(یعنی تجربہ شدہ) ہیں جس سے مصافحہ کرتے رہو اس سے دشمنی نہیں ہوتی۔ اگر اتفاقاً کبھی ہو بھی جائے تو اس کی برکت سے ٹھہرتی نہیں ۔ یونہی ایک دوسرے کو ہدیہ دینے سے عداوتیں ختم ہوجاتی ہیں ۔ (مرآۃ المناجیح ، ۶ / ۳۶۸)