Book Name:Ikhtiarat E Mustafa

بارہویں شب کو رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی روح پاک کو ہدیہ پہنچانے کے لئے بیس(20 )رکعت اس طرح پڑھیں کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد اِکّیس (21 )مرتبہ سورۂ اِخلاص پڑھیں ، منقول ہے کہ ایک شخص ہمیشہ اس طرح یہ نماز پڑھتا تھا ، اُسے نبیِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی زیارت ہوئی ، فرما رہے تھے کہ ہم تمہیں اپنے ساتھ جنت میں لے کر جائیں گے۔ [1] 

میلاد کی خوشی کی برکتیں

اے عاشقانِ رسول !یقینًاجلوسِ میلاد میں شرکت کرنا سعادت مندی کی علامت ہےاورجشن ِولادت منانا اللہ کریم کی طرف سے بے شمار دینی و دنیاوی رحمتوں کو پانے کا ذریعہ ہے ۔ جیسا کہ سیدنا امام عبدالرحمن ابنِ جوزی فرماتے ہیں : جشنِ ولادت پر خوشی منانے والے کے لیے یہ خوشی جہنم سے رکاوٹ بنے گی ، جوجشنِ ولادت کی خوشی میں ایک درہم خرچ کرے تو رحمتِ عالم نورمجسم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اس کی شفاعت فرمائیں گے ، ربِّ کریم اسے ایک درہم کے بدلے دس درہم عطافرمائے گا ۔ اے امتِ محبوب! تمہارے لیے خوشخبری ہو ، تم دنیا و آخرت میں خیر ِ کثیر کے حق دار قرار پائے ۔ حضرت سیدنااحمدِ مجتبی صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا جشنِ ولادت منانے  والے کو برکت ، عزت ، بھلائی اورفخرملے گا ۔ موتیوں کا عمامہ اورسبز حلہ پہن کر وہ داخلِ جنت ہوگا ۔ [2]  


 

 



[1]    جواہر خمسہ ، ص21

[2]    مجموع لطیف الانسی ، مولد العروس ، ص۲۸۱