Book Name:Kaaby Ki Shan Aur Hajj Kay Fazail

بیتُ اللہ شریف کی شان و عظمت

       پىارے پىارے اسلامى بھائىو!مکہ شریف میں واقع بیتُ اللہ شریف وہ مقدس مقام ہے کہ جس کی تعریف و توصیف  آیاتِ قرآنیہ میں موجود ہے۔ چنانچہ

پارہ4 سورۂ آلِ عمران کی آیت نمبر96 میں اللہ  کریم کا فرمانِ عظمت نشان ہے:

اِنَّ اَوَّلَ بَیْتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِیْ بِبَكَّةَ مُبٰرَكًا وَّ هُدًى لِّلْعٰلَمِیْنَۚ(۹۶) (پ۴،آلِ عمران: ۹۶)   

ترجَمۂ کنز الایمان:بے شک سب میں پہلا گھر جو لوگوں کی عبادت کو مقرر ہوا وہ ہے جو مکہ میں ہے برکت والا اور سارے جہان کا راہنما ۔ 

       صَدْرُ الْافَاضِل حضرت علّامہ مولانا سَیِّد مفتی محمد نعیمُ الدین مُراد آبادی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ  اس آیتِ مقدسہ کے تحت فرماتے ہیں کہ اس میں بتایا گیاکہ سب سے پہلا مکان جس کو اللہ کریم نے طاعت وعبادت کے لئے مقرر کیانماز کاقبلہ،حج اور طواف کامقام بنایا جس میں نیکیوں کے ثواب زیادہ ہوتے ہیں وہ کعبۂ مُعَظَّمہ ہے جو شہرِ مکّۂ مُعَظَّمہ میں واقع ہے۔

       تفسیر صِراطُ الجنان میں کعبہ شریف کی کچھ خصوصیات بیان ہوئی ہیں، آئیے! سنتے ہیں:

(1)… (کعبہ شریف )سب سے پہلی عبادت گاہ ہے کہ حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَ السَّلَام نے اس کی طرف نماز پڑھی۔

(2)…(کعبہ )تمام لوگوں کی عبادت کے لئے بنایا گیاجبکہ بیتُ المقدس مخصو ص وقت میں خاص لوگوں کا قبلہ رہا۔

(3)…(کعبہ شریف)مکہ معظمہ میں واقع ہے، جہاں ایک نیکی کا ثواب ایک لاکھ ہے۔

(4)…کعبہ شریف  کا حج فرض کیا گیا ۔