Book Name:Allah Pak Say Muhabbat Karnay Walon Kay Waq'eaat

پیارے پیارے اسلامی بھائیو!اللہ پاک کی حقیقی مَحَبَّت حاصل کرنے کے لئے اللہ والوں کی سیرت  پر بھی چلنا چاہئے اور ساتھ ہی ساتھ مَحَبَّتِ الٰہی حاصل کرنےکے لئے دُعابھی کرنی چاہئے،حضرت سیِّدُنا داؤد عَلَیْہِ السَّلَام  بہت زیادہ عبادت کرنے والے،مَحَبَّتِ اِلٰہی رکھنے والے اور اللہ پاککے عظیم  نبی ہونے کے باوجوداللہ پاک سے اس کی مَحَبَّت کا سُوال کیا کرتے تھے،چنانچہ

حضرت سَیّدناابودرداء رَضِیَ اللہُ  عَنْہُ سے روایت ہے:رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمان ہے: حضرت داؤد عَلَیْہِ السَّلَام یہ دعا مانگا کرتے تھے:اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ حُبَّکَ وَحُبَّ مَنْ یُّحِبُّکَ وَالْعَمَلِ الَّذِیْ یُبَلِّغُنِیْ حُبَّک یعنی اے اللہ پاک!میں تجھ سے تیری،تیرے محبوب بندوں کی مَحَبَّت اور ان اَعمال کی مَحَبَّت مانگتا ہوں جو مجھے تیری مَحَبَّت تک پہنچا دیں، اَللّٰہُمَّ اجْعَلْ حُبَّکَ اَحَبَّ اِلَیَّ مِنْ نَفْسِیْ وَمَالِیْ وَاَہْلِیْ وَمِنَ الْمَاءِ الْبَارِدِ یعنی:اے اللہ پاک!اپنی مَحَبَّت کو میرے لئے میری جان ومال،گھر والوں اور ٹھنڈے پانی سے زیادہ محبوب بنادے۔(مشکاۃ المصابیح کتاب الدعوات باب جامع الدعا،۱/ ۴۶۵ حدیث:۲۴۹۶)

پیارے پیارے اسلامی بھائیو!آپ نےسُنا کہ اللہ پاک کے پیارے نبی حضرت سَیِّدُنا داؤد عَلَیْہِ السَّلَام اللہ پاک سے اُس کی مَحَبَّت کی دُعا مانگا کرتے،لہٰذا ہمیں بھی چاہئے کہ ہم بھی اپنے رَبّ کریم سے اُس کی مَحَبَّت کی دُعائیں مانگا کریں، یقین کیجئے!مَحَبَّتِ الٰہی وہ عظیم نعمت ہے جسے یہ نصیب ہوجائے اُسے عبادت کی لذّت  اور ایمان کی چاشنی نصیب ہوجائے۔

ایمان کی مٹھاس