Book Name:Allah Pak Say Muhabbat Karnay Walon Kay Waq'eaat

حَسَد،دکھلاوا کرنا،اپنے دل میں کسی مسلمان کے لئے نفرت و دشمنی  رکھنا، غصّہ آجانے پر شریعت کی حدیں  توڑ ڈالنا، گناہوں کی لالچ کرنا،شہرت و مرتبہ کی خواہش کرنا،کنجوسی کرنا، اپنے آپ کو بہتر سمجھنا وغیرہ مُعاملات ہمارے مُعاشَرے میں بڑی بے باکی کے ساتھ کئے جاتے ہیں ، اِس کے باوجود ہم اس خوش فہمی میں مُبْتَلا ہیں کہ ہم اللہ پاک اور پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے سچی مَحَبَّت کرتےہیں۔ذرا سوچئے! کیا اللہ پاک اور نبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  سے سچی مَحَبَّت کرنے والوں کی گفتگو  ،اُن کا زندگی گزارنے کااندازاور اُن کا کردار ایسا ہوتا ہے؟؟؟

اے کاش !اللہ  پاک سے سچی مَحَبَّت کرنے والوں کا صدقہ ہمیں بھی نصیب ہوجائے اور اے کاش!ہم بھی ان مُبارَک ہستیوں کی سیرت پر عمل کرنےوالے بن جائیں، مَدَنی انعام پر عمل کرتے ہوئے ساری نمازیں جماعت کے ساتھ مسجد کی پہلی صف میں تکبیرِ اُولیٰ کے ساتھ ادا کریں۔رمضان المبارک کے مہینوں  کے فرض روزوں کے ساتھ ساتھ نفل روزے رکھنے والے بن جائیں۔ ہمیشہ سچ بولیں،اچھے اخلاق والے، ماں باپ اور دیگر رشتہ داروں کے حقوق ادا کرنے والے بن جائیں، اے کاش! گناہوں کے قریب بھی نہ جائیں ہماری کوئی نماز قضانہ ہو۔ ماہِ رمضان کا کوئی روزہ نہ چھوٹے۔زبان سے ہر گز ہر گز جھوٹ ،غیبت، چغلی اور گالی گلوچ نہ نکلے،اللہ  پاک کی  رِضا کے لئے مسلمانوں کی حقیقی مَحَبَّت و ہمدردی ہمیں نصیب ہوجائے ،اے کاش! غیبت سے ہمیں نجات مل جائے۔آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنْ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

مَحَبَّتِ الٰہی کیلئے حضرت داؤد عَلَیْہِ السَّلَام کی دُعا