Book Name:Khof-e-Khuda Men Rony Ki Ahmiat

پیارے پیارے اسلامی بھائیو!رَجَبُ الْمُرَجَّب  کے روزے رکھنے والوں کے تو وارے ہی نِیارے ہیں۔رَجَبُ الْمُرَجَّب  کے روزے رکھنے والوں کے لئےاللہ پاک نے جَنَّت  میں خاص مَحل تیار فرمایا ہے ،ان خُوش نصیبوں کواللہ پاک”رَجَب“ نامی نَہْر سے سیراب فرمائے گا، ان کےلئے جَہنَّم کے دروازے بنداورجَنَّتی دروازے کھول دئیے جائیں گے، ان کے روزے گُناہوں کا   کَفّارہ  بن جائیں گےاورروزِمحشر کی ناقابِلِ برداشت گرمی اور بُھوک پیاس میں ان کے کھانے پینے اور آرام کرنے کا بَنْد و بَسْتْ کیا جائے گا۔

نفل روزوں کے اس قَدَر زَبَردَسْتْ فَضائل و بَرکات سُننے کے بعد تو ہم میں سے ہر ایک کو کوشش کرنی چاہئے کہ فرض روزوں کے ساتھ ساتھ نفل روزوں کا بھی بکثرت اِہْتمام  کیا کرے، ماہِ  رَجَبُ الْمُرَجَّب کے آنے سے تو ویسے ہی روزے رکھنے کا گویا موسم شُروع ہوجاتا ہے۔ پہلے  رَجَبُ الْمُرَجَّب  کے روزے پھراس کے بعد ماہِ شَعْبان کے روزے۔

آیئے  شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَـرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ  کانفل روزوں کی ترغیب اور فضائل پر مشتمل ایک خوبصورت مکتوب سُنتے ہیں:

مکتوبِ عطّار

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم طسگِ مدینہ محمد الیاس عطّارؔ قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے ، تمام اسلامی بھائیوں، اسلامی بہنوں، مَدَارِسُ المدینہ اور جامِعَاتُ المدینہ کے اَساتِذہ، طَلَبَہ، مُعلِّمات اور طالِبات کی خدمات میں کعبهٔ مُشرَّفَه کے گِرد گُھومتا ہوا گُنبدِ خضرا کو چُومتا ہوا رَجَبُ الْمُرَجَّب،  شَعْبانُ الْمُعَظَّم اوررَمَضانُ الْمُبارَک کے روزہ داروں کی بَرَکتوں سے مالا مال جُھومتا ہوا سلام،