Book Name:Akhirat Ki Tyari Ka Andaz Kasay Ho

مقصد یہ ہے کہ وہ اللہ پاک کی عبادت کریں ۔

      پیاری پیاری ا سلامی بہنو!اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے، دنیا میں کیا جانے والا ہر عمل آخرت کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، آخرت کو بہترکرنے کے لیے بہت ضروری ہے کہ اعمال کو ٹھیک کیا جائے۔ اپنے اصل مقصد عبادتِ الٰہی کو جب پیشِ نظر رکھا جائے تو آخرت کو بہتر بنانا بہت آسان ہو جاتا ہے۔

دنیا کا امتحان اور آخرت کا امتحان

       مدارس، جامعات اور اسکولز، کالجز کے جب امتحان ہوتے ہیں تو دیکھا جاتا ہے کہ طلبہ اس کی کیسی تیاری کر ر ہی ہو تی  ہیں، محنتی طلبہ کو سوائے پیپر کے اور کسی چیز کا ہوش نہیں رہتا، نہ کھانا یاد رہتا ہے نہ پینے کا ہوش رہتا ہے، صرف ایک ہی دُھن ہوتی ہے کہ امتحان کی تیاری کرنی ہے، اور ہر وہ سوال جس کا ہلکا سابھی امکان ہو کہ وہ پیپر میں آسکتا ہے اس کی بطور خاص تیاری کی جاتی ہے، اس تمام ماحول میں والدین کا بھی طلبہ کو بھرپور ساتھ حاصل ہوتا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اولاد امتحان میں کامیاب ہوگی تو زندگی بہتر ہوگی، ذرا سوچئے! جب دنیا کی خاطر ہم اور  ہماری اولاد اتنی مگن ہو جاتی ہے، تو آخرت کے امتحان کے لیے تو دنیا کے امتحان سے زیادہ محنت کرنی چاہیے، سوچئے! کیا کبھی آخرت کے امتحان کا بھی سوچا ہے؟ کیا کبھی آخرت کے امتحان کی تیاری کی بھی فکر ہوئی ہے؟ کیا کبھی آخرت کے امتحان کی کامیابی کےلیے بھی ہم بے چین ہوئے ہیں؟ اعلیٰ حضرت امام اہلسنت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ ہماری اس حالت پر چوٹ کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

راہ پُر خار ہے کیا ہونا ہے                                           پاؤں افگار ہے کیا ہونا ہے