Book Name:Akhirat Ki Tyari Ka Andaz Kasay Ho

دوسرا طریقہ نیک لوگوں کی صحبت اختیار کیجئے!

      پیاری پیاری ا سلامی بہنو!ہم اپنی آخرت کی تیاری کرنے کے طریقے سن ر ہی تھیں ، آخرت کی تیاری کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ہم اللہ والوں کے تذکرے سنیں اور ان کی سیرت و کردار کا مطالعہ کریں۔ جس طرح کوئی دنیا دار اپنی دنیا کو بہتر سے بہترین کرنے کے لیےفکر مند رہتا ہے اللہ پاک کےیہ نیک بندے اس سےکہیں زیادہ اپنی آخرت کی بہتری کےلیے مصروفِ عمل ہوتےہیں، یہ لوگ اپنی زندگیاں اس طرز سے گزار جاتے ہیں کہ بعد والوں کے لیے محض ان کا ذکر کرنا بھی اللہ پاک کی رحمتیں پانے کا سبب بن جاتا ہے۔اس لیے جب کوئی اللہ  والوں سے وابستہ ہو جائے تو وہ بھی ان کے رنگ میں رنگ کر آخرت کو بہتر بنانے کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔ان کی سیرت وکردار کا مطالعہ کرنے والا بن جائے تو اگر اللہ پاک کی رحمت شامل ہو جائے تواس میں بھی وہی انداز پیداہونا شروع ہو جائے گا کہ جو آخرت کی تیاری میں فائدہ مند ہو سکے۔ اسے بھی وہ سوچ مل جائے گی جس سے آخرت بہتر ہوسکتی ہے۔کیونکہ اللہ پاک کے یہ نیک بندے اپنی آخرت کو بہتر بنانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، ہر وہ کام جس سے ان کی آخرت سنور سکتی ہو یہ نیک لوگ اسے فوراً کر گزرتے ہیں ،لہذا ہمیں بھی کوشش کرنی چاہئے کہ ہمارا اٹھنا بیٹھنا ،میل ملن ایسی اسلامی بہنوں کے ساتھ ہو ،جو اس فانی دنیا کی رنگینیوں کو بُھلا کر فکرِ آخرت کی طرف مائل ہوں، خوف خدا اور عشق مصطفے  کی لازوال دولت سے مالامال ہوں،محبت صحابہ و اہل بیت کی دولت سے سرشار ہوں،سر تا پا سنتوں کی چلتی پھرتی تصویر ہوں، اطاعتِ الٰہی اور اتباعِ رسول کا مقدس جذبہ لیے ہوئے ہوں، جن کی صحبت کی برکت سے عمل کا جذبہ بڑھتا ہو،جن کی صحبت کی برکت سے گناہوں سے نفرت اور فکرِ آخرت نصیب ہوتی  ہو۔