Book Name:Faizan-e-Ashaab-e-Suffa

یعنی جو اِخلاص کے ساتھ ہر وقت اللّٰہ پاک کی فرمانبرداری میں مشغول رہتے ہیں۔(تفسىر نعىمى، تحت الآیۃ المذکورۃ، ۱۵/۵۷۶ بتغیر )

      میٹھی میٹھی اسلامی  بہنو!غور کیجئے! اَصْحابِ صُفّہ کا مقام اللہ پاک کی بارگاہ میں کس قدر بلند ہے کہ اس نے خود ان سے مُتَعلِّق اپنے حبیب عَلَیْہِ السَّلَامکو ہدایت فرمائی کہ انہیں اپنی بارگاہِ ناز سے دور مت کیجئے۔ تفسیر صراط الجنان میں ہے: اس آیتِ مبارکہ سے بہت سے مسائل معلوم ہوئے جیسے: (1) معلوم ہوا کہ اچھوں کے ساتھ رہنا اچھا ہے اگرچہ وہ فُقراء ہوں اور بروں کے ساتھ رہنا برا ہے اگرچہ وہ مالدار ہوں۔(2)یہ بھی معلوم ہوا کہ صبح و شام خصوصیت سے اللہ  پاک کا ذکرکرنا بہت افضل ہے۔ (3) صالحین کی دو علامتیں بھی اس آیت میں بیان فرمائیں اول یہ کہ وہ صبح و شام اللہ پاک کا ذکر کرتے ہیں اور دوسری یہ کہ ہر عمل سے اللہ پاک کی رضا اور خوشنودی کے طلبگار ہوتے ہیں۔ (4)اِس آیت میں دنیا داروں کی طرف نظر رکھنے اور ان کی پیروی سے منع فرمایا گیا۔ (صراط الجنان، ۵/۵۵۹ ملتقطاً)

صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب !  صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

چندمشہور اَصْحابِ صُفّہ

میٹھی میٹھی اسلامی  بہنو! اَصْحابِ صُفّہ  کی شان و عظمت کے کیا کہنے! یہ وہ خوش نصیب لوگ تھے جو مدنی حبیب، طبیبوں کے طبیب صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی صحبت میں ہی رہتے، انہوں نے زندگی کی تمام نعمتیں گھربار، اہل و عیال، مال و دولت، جاہ و ثروت اور عیش و عشرت کو دین کی تعلیم اور اشاعتِ اسلام کی خاطر قربان کر دیا تھا۔اَصْحابِ صُفّہ میں بڑے بڑے جلیل القدر صحابَۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان شامل(Included)  ہیں۔ چند مشہور اَصْحابِ صُفّہ میں حضرت سَیِّدُنا ابو ہُریرہ، حضرت سَیِّدُنا بِلالِ حبشی،