Book Name:Ramadan Ko Khushamdeed kehiye

فائدہ تو یہ ہے کہ یہ معتکف کو گُناہوں سے باز رکھتا ہےکیونکہ اکثر گناہ غیبت،جھوٹ اور چغلی وغیرہ لوگوں سے میل جول کے باعث ہوتے ہیں،معتکف دُنیا سے کنارہ کشی(جُدائی) اختیار کئے ہوتا ہے اور جو اس سے ملنے آتا ہے وہ بھی مسجد و اِعْتِکاف کا لحاظ رکھتے ہوئے نہ خُود بُری باتیں کرتا ہے نہ کرواتا ہے۔( مزید فرماتے ہیں کہ اعتکاف کرنے والا)اِعْتِکاف کی وجہ سے جن نیکیوں سے محروم ہوگیا جیسے زیارتِ قبور،مسلمانوں سے ملاقات،بیمار کی خیریت معلوم کرنا،نمازِ جنازہ میں حاضری وغیرہ اُسے ان سب نیکیوں کا ثواب اسی طرح ملتا ہے جیسے یہ کام کرنے والوں کو ثواب ملتا ہے۔(مرآۃ المناجیح،۳/۲۱۷ ملتقطاًو ملخصاً)

اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ!تبلیغِ قرآن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت دُنیا کے مختلف ممالک اور شہروں میں پورے ماہِ رمضان اورآخری عشرے کے اِجتماعی اِعْتِکاف کی ترکیب کی جاتی ہے،جس میں دعوتِ اسلامی کی  مرکزی مجلسِ شوریٰ کی طر ف سے دِیے گئے جدول کے مطابق اعتکاف کرنے والے عاشقانِ رمضان کی مدنی تربیت کی کوشش کی جاتی ہے،اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّ اجتماعی اِعْتِکاف میں ہزارہا اسلامی بھائی مُعْتَکِف ہو کردیگر عبادات کے ساتھ ساتھ علمِ دِین حاصل کرتے اور سُنّتوں کی تَرْبِیَت پاتے ہیں،کئی مُعْتَکِفِیْن اختِتامِ رَمَضَانُ الْمُبارَک پر چاند رات ہی سے عاشقانِ رسول کے ساتھ سُنّتوں کی تَرْبِیَت کے مَدَنی قافلوں کے مسافِر بن جاتے ہیں،اَلْحَمْدُ لِلّٰہعَزَّ  وَجَلَّ کئی عاشقانِ رمضان، اس اعتکاف کی برکتوں اورمدنی بہاروں کومزید سمیٹنے کے لیے ہاتھوں ہاتھ مدنی قافلوں میں سفر کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف کورسز مثلاً(12مدنی کام کورس،اِصلاحِ اعمال کورس،فیضانِ نماز کورس،اِمامت کورس وغیرہ)کرنے کی بھی سعادت حاصل کرتے ہیں۔

جَلوۂ یار کی آرزو ہے اگر                      مدنی ماحول میں کرلو تم اِعْتِکاف

میٹھے آقا کریں گے کرم کی نظر                 مدنی ماحول میں کرلو تم اِعْتِکاف

چوٹ کھا جائے گا اک نہ اک روز دل          مدنی ماحول میں کرلو تم اِعْتِکاف