شوہر کی اجازت کے بغیر اس کا مال صدقہ کرنا کیسا ؟  ، ڈمپل پلاسٹی سرجری کروانا کیسا ؟

اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل

*مفتی محمد قاسم عطّاری

ماہنامہ فیضان مدینہ جولائی2023

شوہر کی اجازت کے بغیر اس کا مال صدقہ کرنا کیسا ؟

سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عورت اپنے شوہر کے گھر کے برتن ، تکیے اور بیڈ شیٹ وغیرہ ، شوہر کی اجازت و رضا مندی کے بغیر کسی غریب کو دے سکتی ہے ؟ اس حوالے سے تفصیلی رہنمائی فرما دیں کہ بیوی کے لئے شوہر کا مال اس کی اجازت کے بغیر صدقہ کرنا کیسا ؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

بیوی کو شوہر کی غیر موجودگی میں گھر کی ذمہ دار ، نگران اور نگہبان بنایا گیا ہے اور نگرانی کا مطلب یہی ہے کہ اس کی اجازت کے بغیر اس کے مال میں کوئی تصرف نہ کرے اور قرآن پاک میں نیک عورتوں کا یہ وصف بیان ہوا ہے کہ وہ شوہر کی غیر موجودگی میں اس کے مال کی حفاظت کرتی ہیں اور احادیث میں ایسی عورت کو بہترین عورت قرار دیا گیا ، جو شوہر کے مال کی حفاظت کرے اور یہ حکم دیا گیا کہ عورت اپنے شوہر کے گھر سے اس کی اجازت کے بغیر کوئی چیز خرچ نہ کرے۔

لہٰذا کسی عورت کے لئے یہ جائز نہیں کہ وہ شوہر کے مال میں سے کوئی بھی چیز اس کی اجازت کے بغیر صدقہ کرے ، اگر وہ ایسا کرے گی ، تو گناہ گار ہو گی اور شوہر بیوی سے ان چیزوں کا مطالبہ کر سکتا ہے ، ہاں اگر شوہر کی صراحتاً یا دلالۃً اجازت ہو ، تو اس کا مال  ( بقدرِ اجازت )  صدقہ کرنے میں حرج نہیں۔

وَاللہ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ڈمپل پلاسٹی سرجری کروانا کیسا ؟

سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ ڈِمپلز ( Dimples )  کے لئے گالوں میں سرجری کروانا کیسا ہے ؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

منہ کی دونوں جانب گالوں یا ٹھوڑی پر پڑنے والے چھوٹے چھوٹے گڑھوں کوڈِمپلز  ( Dimples )  کہتے ہیں ، جو عموماً ہنستے وقت دکھائی دیتے ہیں اور انہیں چہرے میں خوبصورتی کا سبب سمجھا جاتا ہے۔بعض لوگوں کے چہرے پہ قدرتی طور پر ڈمپلز ہوتے ہیں ، جبکہ بعض اس کے لئے سرجری کرواتے ہیں ، جسے  ( Dimpleplasty )  کہا جاتا ہے۔ اس میں گالوں کے اندرونی حصہ سے کچھ گوشت نکال دیا جاتا ہے ، جس کی وجہ سے ہنستے وقت گالوں پر ڈمپلز دکھائی دیتے ہیں۔

اس تفصیل کے بعد حکمِ شرعی یہ ہے کہ ڈِمپلز بنوانے کے لئے سرجری کروانا ، ناجائزوحرام اور گناہ ہے ، کیونکہ یہ اللہ پاک کی تخلیق یعنی اس کی پیدا کی ہوئی چیز میں تبدیلی کرنا ہے اور اللہ پاک کی تخلیق میں خلافِ شرع تبدیلی حرام اور گناہ ہے ، قراٰن و حدیث میں اسے شیطانی کام اور باعثِ لعنت قرار دیا گیا ہے۔

وَاللہ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  نگرانِ مجلس تحقیقات شرعیہ ، دارالافتاء اہل سنّت ، فیضان مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code