میں بھی قراٰن پڑھنا سیکھوں گی

اسلام اور عورت

میں بھی قراٰن پڑھنا سیکھوں گی

*ام میلاد عطّاریہ

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی2023

اللہ پاک نے لوگوں کی راہنمائی کے لئے انہیں سب سے افضل کتاب قراٰنِ کریم کا تحفہ عطا فرمایا۔ قراٰنِ کریم میں جس طرح مَردوں کے لئے احکام اور ہدایات بیان ہوئی ہیں ، وہیں خواتین کے لئے بھی خصوصی مسائل اور نصیحتیں بیان ہوئی ہیں اور ان پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین بھی قراٰن پڑھنا سیکھیں ، اس کے احکامات پر غور کریں اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ قراٰن سیکھنے ، پڑھنے اور اس پر عمل کرنےکی ضرورت و اہمیت اس لئے بھی ہے کہ اس میں ہماری نجات اور دین و دنیا کا فائدہ ہے۔

اگرچہ خواتین کی ایک تعداد قراٰنِ کریم سے محبت ، اس کی تلاوت اور اس پر عمل کی کوشش کرتی ہے ، لیکن ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو قراٰنِ کریم کی تلاوت اور اس کی تعلیمات سے دور ہے ، بلکہ کئی خواتین کو تو قراٰن پڑھنا بھی نہیں آتا اور نہ اس کے لئے وقت نکالتی ہیں ، افسوس دنیا کے دیگر کاموں کے لئے تو وقت ہی وقت ہے لیکن قراٰن سیکھنے کے لئے وقت نہیں ہے۔ یاد رہےاگر آپ قراٰنِ کریم کے قریب آئیں گی تو اس کی روحانیت و نورانیت نہ صرف آپ کو نصیب ہوگی بلکہ آپ کی اولاد اور آپ کی نسلوں کو بھی اس کی برکات سے حصہ عطا ہوگا۔تاریخ میں ایسی کئی خواتین کا ذکر ملتاہے جو کثرت سے تلاوتِ کلامِ پاک کرنے کا جذبہ رکھتی تھیں ، اس حوالے سے غوثِ پاک رحمۃ اللہ علیہ کی والدہ ماجدہ کی سیرت میں بھی ہمارے لئے بہترین درس موجود ہے ، آپ  رحمۃ اللہ علیہا اس قدر کثرت سے تلاوتِ کلام پاک کرتی تھیں کہ غوثِ پاک رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی والدہ کے پیٹ میں 18 پارے حفظ کرلئے۔ (  الحقائق فی الحدائق ، ص 140 ملخصاً )  یہ واقعہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ جو مائیں قراٰنِ پاک کی تلاوت کی عادی ہوتی ہیں ، ان کی اولاد کو بھی اس کی برکات و انوار نصیب ہوتے ہیں۔

بحیثیتِ مسلمان ہمیں یہ سوچنا چاہئے کہ جو کتاب ہماری ہدایت اور راہنمائی کے لئے نازل ہوئی اگر آج تک اس کو درست پڑھنے میں ہم کامیاب نہیں ہوسکیں تو کیا یہ ہمارے لئے لمحۂ فکریہ نہیں ؟ ہم سب نے اپنی جتنی زندگی گزار لی اس کا جائزہ لیں کہ ہمیں اتنے سالوں میں اتنا وقت بھی نہیں مل سکا کہ اپنے پیارے رب کا کلام اُس انداز میں پڑھنا سیکھ سکیں جس طرح اس کے پڑھنے کا ہمیں حکم فرمایا گیا ہے ؟ ابھی بھی وقت ہے قراٰن کو تجوید اور درست مخارج کے ساتھ پڑھنے کا جذبہ اپنے اندر پیدا کیجئےاور خواتین چونکہ اولاد کی تعلیم و تربیت کی بھی ذمہ دار ہیں تو ا ن کی یہ ذمہ داری بھی بنتی ہے کہ ان سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی نہ صرف درست لہجے سے قراٰن پڑھنا آتا ہو بلکہ شوقِ تلاوت کا جذبہ بھی بیدار ہو۔ اے کاش ! ہم اچھے انداز میں قراٰنِ کریم پڑھنے اور احکام ِ قراٰن پر عمل کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔جن خواتین کو قراٰنِ کریم درست پڑھنا نہیں آتا اُن کو چاہئے کہ درست مخارج اور تجوید کے ساتھ قراٰن سیکھنے کے لئے اپنے علاقے میں لگنے والے دعوتِ اسلامی کے مدرسۃ المدینہ بالغات میں داخلہ لے کر پڑھنا شروع کریں اور جن خواتین کو درست پڑھنا آتا ہے ان کو چاہئے کہ وہ دوسری خواتین کو سکھانے کی کوشش کریں اِن شآءَ اللہ اس کی خوب خوب برکتیں حاصل ہوں گی۔اس کے ساتھ ساتھ تمام مسلمان خواتین کو چاہئے کہ روزانہ نہ صرف تلاوتِ قراٰن کا معمول بنائیں بلکہ ترجمہ و تفسیر پڑھنے کی عادت بھی بنائیں اس کی برکت سے پتا چلے گا کہ قراٰن ہم سے کیا کہتا ہے ، یہ بھی پتا چلے گا کہ قراٰن ہمیں رب تعالیٰ کا کیا پیغام دیتا ہے ، جن کاموں کا اللہ نے حکم دیا ہے اور جن سے منع کیا ہے ان کے بارے میں پتا چلے گا ، نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان و عظمت دل میں مزید بڑھے گی ، پہلی قوموں پر آنے والے عذاب کے اسباب پڑھ کر خوفِ خدا نصیب ہوگا ، نیک بندوں کا تذکرہ پڑھ کر نیکوں اور نیکیوں سے محبت پیدا ہوگی اس کے علاوہ دین و دنیا کے لئے بہت سی مفید باتیں معلوم ہوں گی۔ ترجمہ و تفسیر پڑھنے کے لئے بہترین ، آسان اور دلچسپ تفسیر ”تفسیر صراط الجنان“ہے۔اسی طرح مفتی محمد قاسم عطّاری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کی لکھی ہوئی کتاب ”عورت اور قرآن“ ہر عورت کو پڑھنی چاہئے اس کتاب میں قراٰنِ کریم میں خواتین کے متعلق نازل ہونے والی تمام آیات کا ترجمہ و تفسیر ذکر کی گئی ہے ، عظیم خواتین کی سیرت بیان کی گئی ہے ، عورتوں پر اسلام و قراٰن کے احسانات کا بیان موجود ہے ، عورتوں کے متعلق شرعی احکام کو بیان کیا گیا ہے نیز عورتوں کے متعلق مردوں کو دی گئی ہدایات کا خوبصورت بیان بھی موجود ہے۔اللہ کریم ہمیں قراٰن سیکھنے اور سکھانے اور ترجمہ و تفسیر پڑھ کرعمل پیرا ہونے کی سعادت نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگران عالمی مجلس مشاورت  ( دعوتِ اسلامی )  اسلامی بہن


Share

Articles

Comments


Security Code