Behtar Kon?

Book Name:Behtar Kon?

سُبْحٰنَ اللہ! معلوم ہوا؛اپنی واہ واہ کے لئے نہیں، لوگوں کو دکھانے، اخبارات، پوسٹرز  پر تصویریں لگوانے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے لئے نہیں بلکہ جو بندہ صرف و صرف اللہ پاک کی محبّت میں، اُس کی رضا حاصِل کرنے کے لئے دوسروں کو کھانا کھلاتا ہے، وہ اَہْلِ جنّت کا وَصْف اپنانے والا ہے۔

جنتی بالاخانہ

حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  نے فرمایا:جنت میں ایک ایسا بالاخانہ ہے  کہ جس کا باہَر اندر سے  اور اندر باہَر سے  دکھائی دیتا ہے  ، یہ بالاخانہ اللہ پاک نے  ان کے  لئے   تیار کیا ہے  جوکھانا کھلاتے ہیں ۔([1])

سلامتی کے ساتھ جنّت میں جانے کا نسخہ

حضرت عبد اللہ بن سلام  رَضِیَ اللہُ عنہ  فرماتے ہیں: میں نے مدینہ منورہ میں آخری نبی، رسولِ ہاشمی  صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی مبارک زبان سے سب سے پہلا جو کلام سُنا وہ یہ تھا: یَا اَیُّہَا النَّاسُ! اے لوگو! اَفْشُوا السَّلَامَ سلام کو عام کرو!وَ اَطْعِمُوا الطَّعَامَ کھانا کھلاؤ! وَ صَلُّوْا بِالَّیْلِ  وَالنَّاسُ نِیَامٌ اور رات كو جس وقت لوگ سو رہے ہوں، اس وقت نماز پڑھو تَدْخُلُوا الْجَنَّۃَ بِسَلَامٍ (تم یہ تین کام کرو گے تو )سلامتی کے ساتھ جنّت میں داخِل ہو جاؤ گے۔([2])  


 

 



[1]...مسندِ امام احمد،جلد:9 ،صفحہ:389 ،حدیث:23553۔

[2]...اِبْنِ ماجہ، کتابُ اِقَامۃِ الصلوٰۃ، جلد:1، صفحہ:423، حدیث:1334۔