Sayyida Hajra Ka Zikr e Khair

Book Name:Sayyida Hajra Ka Zikr e Khair

جگہ تھی؟ جہاں اب مکّہ مکرَّمہ کا مبارَک شہر ہے اور وہ ٹیلہ وہ مقام تھا، جہاں آج کعبہ شریف موجود ہے، یہاں پہنچ کر حضرت جبریل امین  عَلَیْہ ِالسَّلام  نے عرض کیا: اے اللہ پاک کے نبی  عَلَیْہ ِالسَّلام  ! یہی وہ جگہ ہے۔ اب حضرت ابراہیم  عَلَیْہ ِالسَّلام  سُواری سے اُترے، اپنے ننھے شہزادے اور زَوجۂ مُحترمہ کو یہاں بٹھایا، تھوڑا سا پانی، تھوڑی سی کھجوریں پاس رکھیں اور واپس چل دئیے!

ذرا تَصَوُّر ہی تصَوُّر میں وہ منظر اپنی آنکھوں کے سامنے لے کر آئیے! ایک خاتُون ہیں، ایک ماں بھی ہیں۔ ننھا، اِکلوتا، دُودھ پیتا بیٹا بھی ساتھ ہے۔ آس پاس بالکل بےآباد علاقہ ہے، نہ یہاں کھانا، نہ پانی، نہ اِنسان، نہ کوئی پرندہ۔ دُور دُور تک بس پہاڑ ہیں اور سَنّاٹا ہے۔

اِس کیفیت میں حضرت اِبْراہیم  علیہ السَّلام  سیّدہ ہاجرہ    رحمۃُ اللہِ علیہا کو تنہا چھوڑ کر واپس چل دئیے۔ حضرت ہَاجرہ    رحمۃُ اللہِ علیہا پیچھے پیچھے آئیں، عرض کیا: اے اللہ پاک کے نبی  عَلَیْہ ِالسَّلام  ! ہمیں کس کے سَہارے چھوڑ رہے ہیں؟ حضرت اِبراہیم  عَلَیْہ ِالسَّلام  خاموش رہے۔ پِھر پُوچھا: اے اللہ کے نبی  عَلَیْہ ِالسَّلام ! ہمیں کس کے سَہارے چھوڑ رہے ہیں؟ آپ پِھر خاموش رہے۔ حضرت ہَاجرہ    رحمۃُ اللہِ علیہا نے تیسری مرتبہ پوچھا اور اب سُوال کو ذَرا تبدیل کر کے عرض کیا: آللہُ اَمَرَکَ بِہٰذَا یعنی اے اللہ کے نبی  عَلَیْہ ِالسَّلام  ! کیا اللہ پاک نے آپ کو اِس کا حُکم دیا ہے؟ فرمایا: ہاں! اللہ پاک کا حُکم ہے۔

اب یقین دیکھئے! اِیمان کی پختگی دیکھئے! بےآباد وَادِی *نہ پانی *نہ کھانا *نہ کوئی انسان *نہ کوئی پرندہ ہی یہاں پَر مارتا ہے اور ساتھ میں ننھے شہزادے بھی ہیں، اِس کے باوُجُود حضرت ہَاجرہ   رحمۃُ اللہِ علیہ ا نے بڑے یقین اور اِطْمِینان کے ساتھ کہا: اِذًا لَّا یُضَیِّعُنَا اللہُ یعنی اے اللہ پاک کے نبی  عَلَیْہ ِالسَّلام  ! اگر یہ اللہ پاک کا حکم ہے، پِھر تو آپ خَیر سے جائیے! اللہ پاک ہمیں ہر گز ضائع نہیں فرمائے گا۔