Book Name:Aaqa Ki Shan Khatm e Nabuwwat
( 4 ) : میرے بعد کوئی نبی نہیں
مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ حضرت علی المرتضیٰ ، شیرِ خُدا رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : ایک مرتبہ میں بیمار تھا ، سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی خِدْمت بابرکت میں حاضِر ہوا ، آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے مجھے اپنی جگہ کھڑا کیا اور خُود نماز میں مَصْرُوف ہو گئے ، پھر آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے اپنی چادر مبارک کا کچھ حِصّہ مجھ پر ڈال دیا ، ( بعدِ نماز ) فرمایا : اے علی ! تم اچھے ہو گئے ، تم پر کوئی تکلیف نہیں ، میں نے اللہ پاک سے جو کچھ اپنے لئے مانگا ، تمہارے لئے بھی مانگا اور میں نے جو کچھ چاہا ، اللہ پاک نے مجھے عطا فرمایا مگر مجھ سے یہ فرمایا گیا کہ لَا نَبِیَّ بَعْدَکَ یعنی اے محبوب صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ! آپ کے بعد کوئی نبی نہیں۔ حضرت مولا علی رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : میں اسی وقت ایسا تندرست ( Healthy ) ہو گیا گویا بیمار ہی نہیں تھا۔ ( [1] )
پیارے اسلامی بھائیو ! یہ بہت مشہور ، بہت مختصر اور عقیدۂ ختمِ نبوت کو بالکل واضِح اور صاف صاف بیان کرنے والی بڑی پیاری حدیثِ پاک ہے : لَا نَبِیَّ بَعْدِی میرے بعد کوئی نبی نہیں۔ بالکل یہی الفاظ یا اس سے ملتے جُلتے ، اسی معنیٰ و مفہوم کے الفاظ پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے ایک بار نہیں بلکہ بار بار ، کئی موقعوں پر ارشاد فرمائے۔ لہٰذا کوشش کر کے یہ مختصر سِی حدیثِ پاک ہمیں بھی یاد کر لینی چاہئے اور بچوں کو بھی یاد کروا دینی چاہئے ، حدیث شریف ہے : لَا نَبِیَّ بَعْدِی میرے بعد کوئی نبی نہیں۔ ( [2] )
خُود میرے نبی نے بات یہ بتا دی : لَا نَبِیَّ بَعْدِی !
ہر زمانہ سُن لے یہ نوائے ہادِی : لَا نَبِیَّ بَعْدِی !