Book Name:Zameen Mein Fasad Mat Phailaiy
دیکھئے ! کتنا واضِح ارشاد ہے ، کوئی بھی مسلمان جب کوئی بُرائی دیکھے ، چاہے وہ عقیدے کی بُرائی ہو ، چاہے وہ عَمَل کی بُرائی ہو ، کردار کی بُرائی ہو یا گفتار کی بُرائی ہو ، ہم میں سے ہر ایک کی ذِمَّہ داری ہے کہ اس بُرائی کی کاٹ کریں ، اگر یہ نہیں کر سکتے تو کم از کم اس بُرائی سے نفرت تو لازمی کرنی ہو گی۔
( 2 ) : چغلی کھانا
مُنَافقوں کا دوسرا بُرا عمل جسے فَسَاد فِی الْاَرْض ( یعنی زمین میں فساد ) کہا گیا ، وہ یہ ہے کہ منافق چغلیاں کھایا کرتے تھے۔ ( [1] ) صحابۂ کرام علیہمُ الرِّضْوان کے ساتھ ساتھ رہا کرتے ، ان سے جو باتیں سُنتے ، وہ فساد پھیلانے کے لئے غیر مسلموں تک پہنچا دیا کرتے تھے۔
اس سے معلوم ہوا؛ چغلی کے سبب زمین میں فساد پھیلتا ہے اور یہ حقیقت ہے ، چغلی کے سبب بھائی بھائی سے جُدا ہو جاتے ہیں ، والدَین اور اَوْلاد میں نفرت پھیل جاتی ہے ، دوست دوست سے لڑ پڑتا ہے۔ چغلی کے ایسے ایسے نقصانات ہیں کہ بَس ! اللہ پاک کی پناہ... ! !
ایک شخص تھا ، اسے کام کاج کے لئے ایک غُلام کی ضرورت پیش آئی ( آج کل تو نوکرتنخواہ پر رکھے جاتے ہیں ، پہلے دور میں باقاعِدہ پیسوں سے غلام خریدے جاتے تھے ) ، چنانچہ وہ غُلام خریدنے گیا ، اُسے ایک غُلام پسند آیا ، اس نے مالِک سے قیمت طَے کی ، مالِک نے کہا : اس میں کوئی عیب نہیں ہے ، البتہ ! اسے چغل خوری کی عادَت ہے۔ اس شخص کو دِینی معلومات زیادہ تھی نہیں ، چنانچہ اس نے وہ غُلام خرید لیا ، اب وہ غُلام اپنے آقا کی خِدْمت