Book Name:Namaz Ke Deeni o Dunyavi Faiday
( 1 ) : نَماز بہترین مدد گار ہے
ہر مشکل ، پریشانی ، تنگدستی ، بےروزگاری ، غرض ہر طرح کی مشکلات میں نَماز بہترین مددگار ہے۔ اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے :
وَ اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَ الصَّلٰوةِؕ- ( پارہ : 1 ، سورۂ بقرہ : 45 )
ترجمہ کَنْزُ الایمان : اور صبر اور نَماز سے مدد چاہو۔
سُبْحٰنَ اللہ ! معلوم ہوا؛ ہمیں کوئی مشکل آئے ، کسی قسم کی کوئی پریشانی ہو ، ہم نَماز پڑھیں ، اس کے ذریعے سے مدد چاہیں تو اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! غیب سے مدد ہو گی اور پریشانی دُور ہو جائے گی۔
جب بارگاہِ رسالت میں بھوک کی حاضِری ہوتی
مشہور مفسرِ قرآن ، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحمۃُ اللہ علیہ اس آیتِ کریمہ کے تحت فرماتے ہیں : نَماز انسان کو دنیا سے بے خبر کر کے اللہ پاک کی طرف متوجِّہ کر دیتی ہے اس لئے اس کی برکت سے دنیا کی مشکلیں دل سے فراموش ہو ( یعنی بھلا دی ) جاتی ہیں ۔ ( صاحِبِ ) تفسیر عزیزی نے اس جگہ بیان فرمایا کہ نبیِّ کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے گھر میں فاقہ ہوتا تھا اور رات میں کچھ ملاحظہ نہ فرماتے ( یعنی کچھ نہ کھاتے ) تھے ، اس دوران جب بھوک غلبہ کرتی تو نبیِّ کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم مسجد میں تشریف لا کر نَماز میں مشغول ہو جایا کرتے تھے۔ ( [1] )