Zoq e Ramzan Barqarar Rakhy

Book Name:Zoq e Ramzan Barqarar Rakhy

نیک لوگوں کی ایک دُعا

اللہ پاک نے قرآنِ کریم میں عقلمند و نیک لوگوں کی ایک دُعا ذِکْر فرمائی ہے ، ارشاد ہوتا ہے :

رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوْبَنَا بَعْدَ اِذْ هَدَیْتَنَا وَ هَبْ لَنَا مِنْ لَّدُنْكَ رَحْمَةًۚ-اِنَّكَ اَنْتَ الْوَهَّابُ(۸)

 ( پارہ : 3 ، سورۂ آلِ عمران : 8 )

ترجَمۂ کنزالعرفان : اے ہمارے رب تو نے ہمیں ہدایت عطا فرمائی ہے ، اس کے بعد ہمارے دلوں کو ٹیڑھا نہ کر اور ہمیں  اپنے  پاس سے رحمت عطا فرما بیشک تو بڑا عطا فرمانے والا ہے ۔

الحمد لِلّٰہ ! ماہِ رمضان میں دِل ہدایت پاتے ہیں * نمازیوں کی تعداد بڑھتی ہے * تلاوت کرنے والوں کی تعداد میں اِضافہ ہوتا ہے * تراویح * اعتکاف * صدقہ * خیرات * مسلمانوں کی خیر خواہی وغیرہ کئی طرح کی نیکیوں میں نسبتاً اِضافہ ہی ہوتا ہے ، یقیناً یہ ہدایت ہی ہے ، اب ہمیں چاہئے کہ ہم بھی اللہ پاک کی بارگاہ میں دُعا کریں اور وقتاً فوقتاً دِل جمعی کے ساتھ یہ دُعائیں کرتے ہی رہیں کہ یا اللہ پاک ! ماہِ رمضان میں ہدایت کا نُور نصیب ہوا ، نیکیوں کا جذبہ بڑھا ، نمازوں کی توفیق ملی ، اے ہمارے پیارے اللہ پاک ! ہم پر کرم فرما ، جو خطائیں ہوئیں ، جانے انجانے میں جو گُنَاہ ہوئے وہ معاف فرما اور ماہِ رمضان میں جو عبادتوں کا رُجحان بڑھا ، اس میں مزید ترقی اور استقامت نصیب فرما۔

اللہ پاک کی بارگاہ میں دُعائیں کرتے رہیں گے تو اِنْ شَآءَ اللّٰهُ الْکَرِیْم ! کرم ہو گا ، نیکیوں پر استقامت بھی مِل ہی جائے گی۔