Book Name:Dawateislami Islah e Muashra

اللہ !  کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں         اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہو

دعوتِ اسلامی کا ایک ممتاز کارنامہ

پیارے اسلامی بھائیو ! ہمارے معاشرے کا ایک بہت افسوسناک پہلو ہے ، وہ یہ کہ  ہمارے معاشرے میں کہنے والے بہت ہیں ، کرنے والے بہت کم ہیں ۔ یہ سب کہتے ہیں کہ اپنی اِصْلاح کرلو !  پُورے معاشرے کی اِصْلاح ہو جائے گی۔ بڑے بڑے مفکر ، تجزیہ نگار ، تبصرے کرنے والے سب یہی کہتے ہیں مگر سنجیدگی کے ساتھ اپنی اِصْلاح پر تَوَجُّہ دینے والوں کی تعداد بالکل کم بلکہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

الحمد للہ !  دعوتِ اسلامی کا یہ ممتاز کارنامہ ہے کہ دعوتِ اسلامی نے مدنی مقصد ہی یہ دیا ہے : مجھے اپنی اور ساری دُنیا کےلوگوں کی اِصْلاح کی کوشش کرنی ہے۔ گویا دعوتِ اسلامی کا کام شروع ہی اپنی اِصْلاح سے ہوتا ہے۔ پھر یہ بھی ہے کہ دعوتِ اسلامی نے صِرْف یہ مقصد ہی نہیں دیا بلکہ اپنی اِصْلاح کرنی کیسے ہے ؟  اس کا طریقہ کیا ہو گا ؟  دعوتِ اسلامی اس کا پُورا نظام دیتی ہے۔ 

اللہ پاک شیخِ طریقت ، امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکاتہمُ العَالِیَہ پر رحمتوں کا نزول فرمائے ، آپ نے دُنیا بھر کے عاشقانِ رسول کو نیک اَعْمَال کی سوغات عطا کی ہے ، اسلامی بھائیوں کے لئے 72 نیک اعمال ، اسلامی بہنوں کے لئے 63 ، مدرسۃ المدینہ کے بچوں کے لئے 40 ،  جامعۃ المدینہ کے طلباء کے لئے 92 نیک اَعْمال۔ نیک اَعْمَال نامی  ایک رسالہ ہے ، اس میں مختلف سوالات لکھے ہیں ، ہر سوال کے نیچے خالی خانے دئیے گئے ہیں ، روزانہ وقتِ مُقَرَّرہ پر ان سوالات کو پڑھ کر اپنے دِن بھر کے اَعْمَال کا جائزہ لینا اور خانے بھرنے ہوتے ہیں۔