Book Name:Buri Sohbat Ka Wabal
پیارے پیارے اسلامی بھائیو! آپ نے سُنا کہ جو والدین اپنے بچوں کو اچھی صحبت کی برکتوں سے محروم رکھتے ہیں تو انہیں اپنے کئے پر کس قدر حسرت و ندامت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اگر والدین اپنے آپ کو دینی ماحول سے وابستہ رکھیں اور اپنے بچوں کی اسلامی تَرْبِیَت کریں تو یہ اولاد نہ صرف دُنیا میں ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنے گی بلکہ نجاتِ آخرت کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے ۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ مکتبۃ المدینہ نے اچھی صحبتوں کا فیضان عام کرنے اور بُری صحبتوں کے وبال سے اُمّت کو بچانے کیلئے 50 صفحات پر مشتمل کتاب’’اچھے ماحول کی برکتیں‘‘ شائع کی ہے۔ اس کتاب میں آیاتِ مبارکہ اور احادیثِ طیبہ اور بُزرگان ِ دِین کے اقوال کی روشنی میں اچھے ، بُرے ماحول کی پہچان ، اچھے ماحول کے فوائد اور بُرے ماحول کےنُقصانات بیان کئے گئے ہیں۔ مکتبۃُ المدینہ سے اس کتاب کو ہدیۃً حاصل کرکے خود بھی مطالعہ کیجئے اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دِلائیے۔ دعوتِ اسلامی کی ويب سائٹ www.dawateislami.net سے اس کتاب کو پڑھا بھی جاسکتا ہے ، ڈاؤن لوڈ (Download)اور پرنٹ آؤٹ (Print Out)بھی کيا جا سکتا ہے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے پیارے اسلامی بھائیو! تِل کو اگر گلاب کے پُھول میں رکھ دیا جائے تو اس کی صُحبت میں رَہ کر وہ بھی گلابی ہو جاتا ہے ، اسی طرح اچھے لوگوں کی صحبت میں اُٹھنے بیٹھنے والا بھی دن بدن ان کے رنگ میں رنگتا چلا جاتاہے ۔ جو خُوش نصیب لوگ خوفِ خدا وعشقِ مُصْطَفٰے کی لازوال دولت سے مالا مال ہوں ، محبتِ صحابہ و اہلبیت کی دولت سے سرشار ہوں ، سرتاپا سُنّتوں کی چلتی پھرتی تصویر ہوں ، جن کی صحبت کی برکت سے عمل کا جذبہ بڑھتا ہو ، گناہوں سے نفرت اور فکرِ آخرت نصیب ہوتی ہوتو ایسوں کا فیضان پانے والا بھلا کس طرح برکتوں سے محروم رہ سکتا ہے۔