Book Name:Isteqmat Kamyabi Ka Raaz Hai

                             استقامت کی دعا مانگنے سے بھی استقامت کی بہترین دولت نصیب ہو سکتی ہے۔ لہٰذااپنے ربِّ کریم کے حضور دعا کیجئے اور گِڑگِڑائیے کہ اے مالک و مولیٰ!اپنے فضل سے نیک کاموں پر استقامت عطا فرما۔ یاد رکھئے! حدیث پاک میں دعا کو مومن کا ہتھیار قرار دیا گیا ہے ، لہٰذا اس ہتھیار کو استعمال کیجئے اور استقامت کی بھیک اپنے ربِّ کریم سے بار بار پورے خلوص اور سچی نیت کے ساتھ طلب کیجئے۔

 (3) درجہ بندی

                                                 سب سے پہلے وہ اعمال استقامت سے کرنے ہوں گے کہ جو شریعت نے لازم کیے ہیں۔ فرض ، واجب اور سنّتِ مُؤَ کَّدَہ پر عمل۔ اس کے لیے فرض ، واجب وسنتِ مُؤَ کَّدَہ کا علم بھی سیکھناہوگا اور اپنے نفس کے خلاف کوششیں اور نیک اعمال کی طرف بڑھناہوگا۔ کسی پیرِ کامل کے دامن سے وابستہ ہوجاناچاہئے تاکہ اس کی برکت سے نیکیوں پر استقامت ملے۔ یاد رہے! جس پر جو عمل  فرض و  واجب  ہوگیا ہے ،  اس عمل پر استقامت لازم ہے۔

(4) میانہ  روی  اختیار کریں  

                کسی  بھی  مقصدمیں  اِستقامت حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ جس عمل کو شروع کریں اس میں ابتداءً جلدی نہ کریں بلکہ اس  میں میانہ روی اختیار کریں ، پھر آہستہ آہستہ  اس میں اضافہ کرتےجائیں۔ کیونکہ جلدباز انسان بہت جلد ہی ہمت ہارجاتاہے ، جس کی وجہ سےاس کام میں اِستقامت حاصل  نہیں ہوتی ، لہٰذا اگر ہم اِستقامت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کام   میں میانہ روی اختیار کریں۔