Hazrat Usman-e-Ghani

Book Name:Hazrat Usman-e-Ghani

رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کا فرمانِ عالیشان ہے : تمہارا پہاڑ بھرسونا خَیْرات کرنا میرے کسی صحابی کے سَوا سیر جَو خَیْرات کرنے بلکہ اُس کےآدھے کے برابر بھی نہیں ہو سکتا۔

(بخاری ،  کتاب فضائل اصحاب النبی ، باب قول النبی لو کنت متخذا خلیلا ،  ۲  / ۵۲۲ ، حدیث :  ۳۶۷۳ملخصاً) 

صحابَۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان  کی خدمات

پىارے پىارے اسلامى بھائىو!آپ نے سنا کہ صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کی شان ایسی بے مثال ہے کہ کوئی بھی ان کے مقام و مرتبے کو نہیں پہنچ سکتا۔ * صحابہ ٔ کرام وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے سب سے پہلے اسلام قبول کیا۔ *  رسولِ خدا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی دعوت پر لَبَّیْک کہا۔ * آقا کریم  صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا دیدار کیا اور ان کے معجزات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ * جو اُمت میں سب سے افضل اور اعلیٰ ہیں۔ * جن کےاچھے اوصاف خود ربِّ کریم نے قرآن میں بیان فرمائے۔ *  احادیثِ طیّبہ میں ان کی شانیں بیان کی گئی ہیں۔ * جنہیں اللہ پاک نے اپنے محبوبِ پاک صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا ساتھ دینے کے لیے چُن لیا۔ *  انہیں  سب سے پہلے تبلیغِ اسلام کی سعادتیں ملیں۔ *  جنہوں نےدِینِ اسلام کی ترویج و اشاعت کےلیے درد ناک ظلم و ستم برداشت کئے۔ * جن کی دن رات کوششوں سے پرچمِ اسلام پورے عالم میں بلند ہوگیا۔ * جنہوں نے دِین کی تبلیغ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ * جنہوں نےابتدائے اسلام کے مشکل ماحول میں بھوک و  پیاس برداشت کرکے ، پیٹ پر  پتھر باندھ کر ، قریبی رشتہ داروں کی دشمنیاں مول لے کر ان سے جنگیں لڑ کر بھی پرچمِ اسلام کو اُونچارکھا* جن کی مہربانیوں سے آج ہم اللہ  پاک اور اس کے پیارے رسول صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے نام لینے والے ہیں ، لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اَمِیْرُالمؤمنین حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللہُ عَنْہ  سمیت تمام صحابَۂ کرام سے محبت کریں اور ان کی محبت اپنی اولاد کو بھی سکھائیں۔