Book Name:Khof e Khuda Main Rone Ki Ahamiyat
*بارش کی زیادتی کے وقت کی دعا
دعوتِ اسلامی کےہفتہ وارسُنّتوں بھرے اجتماع کے مَدَنی حلقوں میں اس بارشیڈول کےمطابق “ بارش کی زیادتی کے وقت کی دعا “ یادکروائی جائےگی۔ وہ دُعایہ ہے :
اَللّٰھُمَّ حَوَالَیْنَا وَلَا عَلَیْنَا اَللّٰھُمَّ عَلَی الاٰکَامِ وَالظِّرَابِ وَبُطُوْنِ الْاَوْدِیَۃِ وَمَنَابِتِ الشَّجَرِ
(بخاری ، ۱ / ۳۴۸ ، حدیث۱۰۱۴)
اے اللہ پاک!ہمارے اردگردبرسااورہم پرنہ برسا ، اے اللہ پاک!ٹیلوں پراور پہاڑیوں پر اوروادیوں پر اور درخت اُگنے کے مقامات پربرسا۔ (یعنی جہاں جانی و مالی نقصان ہونے کا اندیشہ نہ ہو)(مَدَنی پنج سورہ ، ص۲۱۰)
اس دعا کی فضیلت میں آتا ہے کہ نبیِٔ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے عہد مبارک میں لوگوں پر قحط آگیا۔ نبیِٔ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ جُمُعَہ کے دن خطبہ دے رہے تھے کہ ایک دیہاتی کھڑا ہوا اور عرض کی : یَارَسُولَ اللہ! (قحط سالی کی وجہ سے )مال ہلاک ہوگئے ، بچے بھوکے ہیں ۔ آپ ہمارے لیے اللہ کریم سے دعا کیجئے۔ آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنے ہاتھوں کو بلند کیااور اللہ کریم کی بارگاہ میں دعا کی (راوی کہتے ہیں ) اس وقت آسمان پر کوئی بادل کا ٹکڑا نہیں تھا ، اس ذات کی قسم جس کے قبضہ وقدرت میں میری جان ہے۔ ابھی آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنے ہاتھوں کو نیچے بھی نہیں کیا تھا کہ پہاڑوں کی مثل بادل اُمنڈ آئے اور ابھی آپ منبر سے نیچے نہیں تشریف لائے تھے کہ میں نے دیکھا کہ بارش کے قطرے آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی داڑھی مبارک سے ٹپک رہے تھے۔ اس دن ایسی بارش ہوئی کہ دوسرے جمعے تک جاری رہی۔ (اگلے جمعہ کو) وہی دیہاتی یا کوئی اور کھڑا ہوا اور عرض کی : یَارَسُولَ اللہ! (مسلسل بارش کی وجہ سے) مکان گر گئے اور مال غرق ہو گیا۔ آپ اللہ پاک سے ہمارے لیے دعا کیجئے۔ آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنے ہاتھوں کو بلندفرمایا اور دعا کی ، اے اللہ! ہمارے ارد گرد بارش برسا ، ہم پر نہ برسا۔ آپ بادل کی جس سمت بھی اپنے ہاتھ سے اشارہ کرتے تھے تو بادل ہٹ جاتے تھے۔ پورا مدینہ حوض کی طرح ہو گیا اور وادیٔ قناۃ ایک ماہ تک بہتی رہی اور جس طرف سے کوئی شخص آتا تھا وہ بارش کی کثرت کی خبر دیتا تھا۔
(بخاری ، کتاب الجمعۃ ، باب الاستسقاء فی الخطبۃ یوم الجمعۃ ، ۱ / ۳۲۱ ، حدیث : ۹۳۳)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
*اجتماعی غوروفکر کا طریقہ(72مدنی انعامات (