Book Name:Waqt Ki Qadr o Qeemat Ma Waqt Zaya Karnay Walay Chand Umoor Ki Nishandahi

پیارے پیارے اسلامی بھائیو!وَقْت کی قَدْرسےکیا مُرادہے؟وَقْت کی قَدْرکیسے کی جائے ؟ آئیے! اِس کوقُرآنِ کریم کی اس آیتِ مبارکہ سے  سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں،چنانچہ

پارہ 30 سُوْرَۃ العَصْر کی آیت نمبر 1تا 3 میںاللہ  پاک  ارشاد فرماتا ہے:

وَ الْعَصْرِۙ(۱) اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِیْ خُسْرٍۙ(۲) اِلَّا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ تَوَاصَوْا بِالْحَقِّ ﳔ وَ تَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ۠(۳) ( پ۳۰، العصر:۱تا ۳)     

ترجمۂکنزُالعِرفان:زمانے کی قسم۔بیشک آدمی ضرور خسارے میں  ہے۔مگر جو ایمان لائے اور انہوں  نے اچھے کام کئے اور ایک دوسرے کو حق کی تاکید کی اور ایک دوسرے کو صبر کی وصیّت کی۔

حکیم الاُمَّت حضرت مفتی اَحمد یار خان نعیمی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ  عَلَیْہ فرماتے ہیں:(اِنسان)اپنی اَصْل پُونْجِی (یعنی)عُمْر کو،کفر،گناہ،غفلت،دُنیا طَلَبی،کھیل کُود میں بَربَاد کررہا ہے،اِسے آخِرت(کو بہتر)بنانے کا ذَرِیْعَہ نہیں بناتا،اِنسان تاجِر ہے،زِنْدَگی اُس کی دُکان اوراَعْمَال دُکان  کے سودے ہیں،اگر (اَعمال) اچّھے ہیں تو اُن کا خریدار خُدا پاک ہے اور جنّت اُن کی قیمت،اگر بُرے ہیں تو شَیْطان خریدارہےاوردوزَخ اُن کی قیمت،جیساسودا ویسےخریدار۔(تفسیرنورالعرفان،پ۳۰،العصر،تحت الآیۃ:۲، ص۹۹۴)

عُمْر اور بَرْف میں مُشَابَہَت

اِمام فَخْرُ الدِّین رَازِی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ  عَلَیْہایک بزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ  عَلَیْہ کا یہ قَوْل نَقْل فرماتے ہیں کہ میں نے سُورۂ عَصْر کا مَفہوم ایک بَرف بیچنے والے سے سمجھا  جو بازار میں یہ آوازیں لگارہا تھا:اُس شخص پر رَحْم کرو جس کا سَرمایہ گُھلتا جا رہا ہے۔اُس شخص پر رَحم کرو جس کا سَرمایہ گُھلتا جا رہا ہے۔اُس کی یہ بات سُن کر میں نے کہا:یہ ہے” اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِیْ خُسْرٍۙ(۲)(ترجمۂکنزُالعِرفان:بیشک آدمی ضرور خسارے میں  ہے۔) کا