Book Name:Data Ali Hajveri ka Shauq e Ilm e Deen

حضرت سَیِّدُنا داتا گنج بخش علی ہجویر ی رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ کے والد حضرت سَیِّدُنا عثمان بن عبدُالرّحمٰن  رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہاپنے وقت کے زبردست عالِم اورعابدو زاہد تھے۔سلطنتِ غَزنیہ کے زمانے میں  دنیا کے  کونے کونے سے علمائے کرام،مشائخِ عظام،شُعَرَا(شُ۔عَ۔رَا)اورصُوْفِیَا ”غزنی“میں جمع ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے غزنی  عُلُوم و فُنُون کا مرکز بن چکا تھا ،آپ کے والدِ ماجد حضرت سَیِّدُنا عثمان رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ نے بھی یہاں رہائش اِختیار فرمائی۔آپ رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ کی والدۂ ماجدہ حُسَیْنی سادات سے تعلق رکھنے والی عابِدہ زاہِدہ خاتون تھیں۔(فیضان داتا علی ہجویری،ص۶بتغیر قلیل)جن کی زبان ذکرِ الٰہی سے تر اور دل جلوۂ حق سے سرشار رہتا تھا،(فیضان ِداتا علی ہجویری،ص۸)آپ رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ کے ماموں کو زُہد و تقویٰ اختیار کرنے کے سبب تاجُ الاولیا کے لقب سے  شہرت حاصل تھی۔اَلْغَرَض! آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کا خاندان شَرافت و صَداقت اور علم و فَضْل کی وجہ سے مشہور  تھا۔(فیضان داتا علی ہجویری،ص۶)

سُبْحٰنَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  !حضرت سَیِّدُنا داتا گنج بخش علی ہجویری رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کا گھرانہ کیسا قابلِ رشک تھا کہ والدِ محترم رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ اپنے وقت کے زبردست عالمِ دین،والدۂ ماجدہ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہا اعلیٰ درجے کی عابدہ و زاہدہ اور تلاوتِ قرآن کی شیدائی جبکہ ماموں جان رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ بھی کوئی عام شخصیت نہیں بلکہ”تاج الاولیا“یعنی اولیائے کرام عَلَیْہِم رَحْمَۃُ اللّٰہ ِالسَّلام کے تاج کے لقب سے  مشہور تھے،اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ  وَجَلَّداتا علی ہجویری رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے جب علم و عمل،عبادت و ریاضت اور تلاوتِ قُرآن کی نعمت سے مالا مال گھرانے میں پرورش پائی تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کو بھی اس کی خُوب خُوب برکتیں نصیب ہوئیں،ان کے طُفَیل اللہ تعالٰی نے آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ کو بھی تقویٰ و پرہیز گاری کی نعمت سے نوازا اور اس قدر علم و فضل عطا فرمایاکہ آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے اس  میں سے مخلوقِ خدا  کوبھی خوب فیضیاب فرمایا۔