خون میں کمی کے اسباب

خون کی کمی سے کیا مراد ہے؟خون کی کمی (Anaemia) ایک ایسی کیفیت ہے جس کی وجہ سے جسم میں خون میں سرخ خَلْیے (Red Cells) بننا کم ہوجاتے ہیں اور اس کے باعث جسم کے  مختلف حصّوں کو آکسیجن نہیں پہنچ پاتی تو مختلف اعضا کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔خون کی کمی  کے ممکنہ نقصانات حاملہ  عورت میں خون کی کمی ہو تو قبل ازوقت ولادت(Pre Mature Delivery) اور نومولود بچے (New born  Baby)میں وزن کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے ٭بچّوں میں خون کی کمی سے ان کی نشوونَما اور دماغی صلاحتیں متاثر ہوتی ہیں جس کے نتیجے میں وہ پڑھائی میں کمزور رہ جاتے ہیں۔ خون کی پیدائشی کمی خون کی کمی کچھ افرادمیں  پیدائشی طور پر ہوتی ہے جسے تھلیسیمیا کہا جاتا ہے لیکن اس بیماری میں مبتَلا  بیشتر افراد بعد میں اس کا شِکار ہوتے ہیں۔ قابلِ علاج بیماری خون کی کمی ایک قابلِ علاج بیماری ہے،اپنے طرزِ زندگی (Life Style) اور خوراک میں تبدیلی لا کر اس پر قابو پایا  جا سکتا ہے۔اعداد و شمار ایک جائزے کےمطابق اس وقت پوری دنیا میں تقریباً 1.5بلین (یعنی ڈیڑھ ارب)افراد جبکہ پاکستان کی بالغ آبادی کے 54فیصد افراد خون کی کمی کا شکار ہیں۔ عام طور پر مردوں کی نسبت عورتوں میں یہ عارِضہ زیادہ ہوتا ہے۔جسمِ انسانی میں خون کی مقدار جسمانی ساخت(Physique)کے اعتبار سے مختلف لوگوں میں  خون کی مقدار مختلف ہوسکتی ہے۔ عُموماً ایک تَنْدُرست جسم میں خون کی مقدار پانچ سے چھ لیٹر ہوتی ہے جو کل وزن کاتقریباً 7.7 فیصدہوتا ہے۔ خون کی کمی کی علامات خون کی کمی کی علامات شُروع میں ہلکی نوعیت کی ہوتی ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان میں شدّت آنے لگتی ہے۔ اگرآپ یہ علامات  پائیں تو فوراً اپنے مُعالِج (Doctor) سے رابطہ فرمائیں: ٭جلدی تھک جانا ٭مزاج میں چڑچڑاپن٭ کام کاج کے دوران سانس پھول جانا ٭ناخن سفید ہو جانا ٭چہرےکا رنگ پیلاپڑجانا٭ جسم میں کمزوری ٭سُستی ٭چکرآنا ٭آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھاجانا ٭گھبراہٹ ٭پیروں پرسوجن وغیرہ۔

اسبابخون کی کمی  کے مختلف اسباب  اور بعض کا مُمکنہ حل(Solution)  درج ذیل ہے:

(1)ماں کے دودھ سے محرومی: بچّوں میں خون کی کمی کا ایک بڑا سبب ہے۔کوئی شرعی یا طبّی رکاوٹ نہ ہو تو نومولود بچے کو ماں کا دودھ ہی استِعمال کروانا چاہئے۔ (2)آیو ڈین کی کمی: انڈے، مچھلی، ڈیری آئٹمز(دودھ،دہی وغیرہ)کا استعمال اس کےلئے فائدہ مند ہے۔(3)وٹامن Dکی کمی: وٹامن  D  سے ہڈیاں مضبوط رہتی ہیں،اس کی کمی سے ہڈیوں میں بُھربُھرا پن آجاتا ہے اور ہلکی سی چوٹ سے بھی ہڈیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ قدرتی دھوپ کے ذریعے نیز انڈے ، مچھلی اور دودھ  کے استِعمال سے اس کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ (4)آئرن کی کمی: آئرن کی دو اقسام ہیں :Haem  جو گوشت سے حاصل ہوتا ہے اور Non Haem جو سبزیوں سے حاصل ہوتا ہے۔جسمِ انسانی کو آئرن کی اِن دونوں قسموں کی ضرورت ہوتی ہے۔ (5)وٹامن12B کی کمی: پھلوں، جوسز (Juices)،گوشت اور دودھ کا استعمال مفید ہے۔ (6)کیلشیم کی کمی: پالک،پھول گوبھی وغیرہ سبزیوں کا استعمال کیا جائے۔ (7)وٹامنAکی کمی: وٹامن A بِالخصوص آنکھوں کو تَقْوِیت پہنچاتا ہے جبکہ اس کی کمی آنکھوں کی مختلف بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔ مچھلی، شکر قندی  اور ہری سبزیوں سے اسے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ (8)میگنیشیم کی کمی: اناج،بادام اور سبزیوں کا استِعمال اس کی کمی کو پورا کرنے میں مُفید ہے۔ خون کی کمی کے دیگر اسباب میں موروثی پیچیدگیاں، سگریٹ نوشی،مختلف بیماریاں مثلاً اَلْسر  اورمخصوص ادویات کا استعمال وغیرہ شامل ہیں۔

خون کی کمی کے گھریلو اور روحانی علاج

خون کی کمی پوری کرنے میں مُعاون چنداشیاء: کالےانگور، چقندر،گاجر،سیب، خوبانی، انار، ٹماٹر، جامن، آڑو، چیری، پالک سرخ گوشت(Red Meat) اور مچھلی  وغیرہ۔خون  کی کمی کےلئے3گھریلو علاج: (1)میتھی میں وٹامنB، فولاد، فاسفورس اورکیلشیمکی موجودگی جسمانی کمزوری اور خون کی کمی دور کرتی ہے۔میتھی دال کی طرح پکا کریاکھچڑی بنا کر یا میتھی کاپوڈرچٹنی یاچھاچھ میں شامل کرکے بھی فائدہ حاصل کیا جاسکتاہے۔(میتھی کے 50 مدنی پھول،ص2) (2)کالی کشمش:10 گرام، خشک خوبانی: 1عدد، تازہ پودینہ: 10 پتّے، چھوٹی الائچی: 1عدد۔ طریقہ خوبانی اور کشمش کورات میں ایک گلاس پانی میں بھگو دیجئے، صبح خوبانی کی گٹھلی نکال لیجئے اور اسی پانی میں کالی کشمش، پودینے کے پتے، اِلائچی اور خوبانی چاروں چیزوں کو پیس لیجئے، دوا تیار ہے۔ چاہیں تو اسے خوش ذائقہ بنانے کے لئے اس میں شہد یا براؤن شوگر بھی شامل فرمالیں۔ بڑوں کیلئے  آدھا گلاس صُبح اور آدھا گلاس شام،بچّوں کو دن میں تین یا چار مرتبہ تھوڑا تھوڑا پلائیں۔شفایابی تک استعمال جاری رکھیں۔  اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ خون کی کمی کے ساتھ ساتھ جگر کے افعال کوبھی درست کرےگا۔(3)ریوند چینی: 12گرام، ریوند خطائی:  12گرام،  کُشتۂ فولاد:6 گرام۔ زیرہ سفید: 12گرام۔ تمام دوائیں اچھی طرح صاف کرکے پیس لیجئے۔ کھانے کے بعد صبح و  شام انار کے جوس یا سادہ پانی سے آدھی  آدھی چمچ کھائیں۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ جسم میں نیا خون پیدا کرے گا۔ چھوٹے بچّوں  کو دوا کی مِقْدار آدھی یا عُمْر کے مطابق اس سے بھی کم دیجئے۔ حصولِ شفا تک استعمال جاری رکھیں۔ خون کی کمی کا روحانی علاج درودِ شفائے امراض: اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ طِبِّ الْقُلُوْبِ وَ دَوَآئِھَا وَ عَافِیَۃِ الْاَبْدَانِ وَ شِفَآئِھَا وَ نُوْرِ الْاَبْصَارِ وَ ضِیَآئِھَا وَ عَلٰی اٰلِہٖ وَ اَصْحَابِہٖ وَ بَارِکْ وَسَلِّمْ یہ درودِ پاک زعفران یا زردے کے رنگ سے باوضو مریض کو لکھ کر دیں کہ زبان سے چاٹےیا پانی میں گھول کر پلادیں۔ شفا حاصل ہونے تک یہ عمل برابر کرتے رہیں،بِاِذْنِ اللہ موت کے سوا ہر مرض کو مُفِید ہے۔ مدنی پھول:خون کی کمی اگر کسی بیماری کے سبب ہے تو اس کا عِلاج کئے بغیر خون کی کمی ختم نہیں ہوگی۔

اے ہمارے پیارے اللہ پاک!ہمیں خون کی کمی سمیت تمام امراض سے محفوظ فرما اور تیری عِبادت کیلئے  صحت  کی حفاظت کرنے  کی توفیق عطا فرما۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم 

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ ،باب المدینہ کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code