حسنِ معاشرت کے نبوی اصول

اسلام کی روشن تعلیمات

حُسنِ مُعاشرت کے نبوی اصول

*مولانا راشد علی عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ اکتوبر 2022

 اکیلا فرد اپنی ذات تک ہی محدود رہتا ہے لیکن جیسے ہی وہ تنہا فرد دوسرے افراد سے ملتا ہے ، کسی جگہ کو اپنا مسکن بناتا ہے ، دوسروں سے لین دین ، میل جول شروع کرتا ہے تو معاشرے کی بنیاد پڑ جاتی ہے۔ سادہ لفظوں میں یوں کہیں کہ معاشرہ افراد ہی سے مل کر بنتا ہے اور کسی بھی معاشرے کی اچھائی و بُرائی اور ترقی و تنزلی افراد کی تعلیم و تربیت اور ان کے اُسْوَہ و کردار سے ڈائریکٹ وابستہ ہوتی ہے۔

دینِ اسلام اور پیغمبرِ اسلام کی تعلیمات ہر موڑ پر فرد کی تربیت اور معاشرے کے حُسن کے اہتمام پر زور دیتی ہیں۔ اللہ رب العزّت نے جو اپنے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے کردار اور لَیل و نَہار کے بارے میں  ” لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ  “  فرمایا ہے انتہائی گہرائی او ر وُسعت پر مشتمل کلام ہے۔ یوں کہہ لیں کہ ساری کائنات کے لئے حُسنِ معاشرت کی تعلیم و تربیت کا منبع و ماٰخذ کیا ہے ؟  ایک ہی فرمان میں واضح کردیا ہے۔

جی ہاں ! حُضور سرورِ کائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک تعلیمات اور آپ کے کردار سے حُسنِ معاشرت کے عظیم اصول ملتے ہیں۔ پہلے تو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ حُسنِ معاشرت کہتے کسے ہیں ؟  حُسنِ معاشرت سے مراد یہ ہے کہ انسان جس سے ملے اور جس سے میل جول رکھے ان سے اچھے اخلاق اور کردار سے پیش آئے جیسے ماں باپ ، رشتے دار ، دوست احباب ، اہلِ محلہ و مجلس ، گاہک و دکاندار ، میزبان و مہمان ، ہم سفر وہم وطن۔ غرضیکہ ان میں سے ہر ایک سے ویسا ہی معاملہ کرے جیسا کہ وہ خود اپنے لئے پسند کرتا ہے۔

حُسنِ معاشرت صرف انسان ہی نہیں بلکہ روئے زمین کے ہر ذی روح کو مطلوب ہے۔ حُسنِ معاشرت کے بغیر بےسکونی ، اضطراب ، مسلسل تنزلی اور اپنے کریم خالق کی رضا سے دوری بڑھتی جاتی ہے۔

آئیے ! حُضور سرورِ کائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات سے حُسنِ معاشرت کے اصول جانتے ہیں۔ حُسنِ معاشرت کے نبوی اصولوں کو مفصل اور تقاضۂ حالات کے پس منظر کے ساتھ بیان کیا جائے تو ایک ایک اصول پوری پوری کتاب بنتا ہے ، البتہ یہاں پر ایسی 18 احادیث کو مع ترجمہ ذکر کیا جائے گا جو حُسنِ معاشرت کے اصولوں کی حیثیت رکھتی ہیں۔

اصول01 : صرف اللہ کی رضا چاہو !

 اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ وَاِنَّمَا لِكُلِّ امْرِئٍ مَا نَوَى یعنی اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے اور ہر آدمی کے لئے صرف وہی ہے جس کی اس نے نیت کی۔[1]

اصول02 : اچھی بات کرو یا خاموش رہو !

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيَقُلْ خَيْرًا اَوْ لِيَصْمُتْ یعنی جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے ، اسے چاہئے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے۔[2]

اصول03 : ہمیشہ صبر کا دامن تھامے رکھو

 اِنَّمَا الصَّبْرُ عِنْدَ الصَّدْمَةِ الْاُولٰى یعنی صبر وہی ہے جو ابتدائے صدمہ میں ہو۔[3]

اصول04 : نعمت ملے تو شکر کرو ، مصیبت پہنچے تو صبر کرو !

عَجَبًا لِاَمْرِ الْمُؤْمِنِ اِنَّ اَمْرَهُ كُلَّهُ لَهُ خَيْرٌ وَلَيْسَ ذَلِكَ لِاَحَدٍ اِلَّا لِلْمُؤْمِنِ اِنْ اَصَابَتْهُ سَرَّاءُ شَكَرَ فَكَانَ خَيْرًا لَهُ وَاِنْ اَصَابَتْهُ ضَرَّاءُ صَبَرَ فَكَانَ خَيْرًا لَهُ یعنی مؤمن کا معاملہ بڑا عجیب ہے کہ اس کا ہر معاملہ اس کے لئے خیر والا ہے اور یہ اعزاز صرف مؤمن ہی کو حاصل ہے۔ کہ اگر اسے خوشی حاصل ہوتی ہے تو وہ اس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہے اور یہ شکرادا کرنا اس کے لئے نہایت مفید ہے اور اگر اسے کوئی مصیبت یا پریشانی لاحق ہوتی ہے تو وہ اس پر صبر کرتا ہے اور یہ بھی اس کے لئے خیر ہے۔[4]

اصول05 : غصے پر قابو پاؤ ، اصل بہادری یہی ہے

 لَيْسَ الشَّدِيدُ بِالصُّرَعَةِ اِنَّمَا الشَّدِيدُ الَّذِي يَمْلِكُ نَفْسَهُ عِنْدَ الْغَضَبِ یعنی طاقتور وہ نہیں جو پچھاڑ دے حقیقی طاقتور وہ ہے جو غصے کے وقت اپنے آپ پر قابو پا لے۔[5]

اصول06 : مشکوک چیزوں اور باتوں سے دور رہو !

 دَعْ مَا يَرِيبُكَ اِلَى مَا لَا يَرِيبُكَ فَاِنَّ الصِّدْقَ طُمَاْنِينَةٌ وَاِنَّ الْكَذِبَ رِيبَةٌ یعنی جو چیز تمہیں شک میں ڈالے اسے چھوڑ دو اور اسے اختیار کرو جو شک میں نہ ڈالے ، بے شک سچائی اطمینان قلبی کا باعث ہے اور جھوٹ اضطراب میں ڈالتا ہے۔[6]

اصول07 : صدقہ و خیرات ، صحت و سلامتی میں کرلو !

جَاءَ رَجُلٌ اِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ اَيُّ الصَّدَقَةِ اَعْظَمُ اَجْرًا قَالَ اَنْ تَصَدَّقَ وَاَنْتَ صَحِيحٌ شَحِيحٌ تَخْشَى الْفَقْرَ وَتَاْمُلُ الْغِنَى وَلَا تُمْهِلُ حَتَّى اِذَا بَلَغَتِ الْحُلْقُومَ قُلْتَ لِفُلَانٍ كَذَا وَلِفُلَانٍ كَذَا وَقَدْ كَانَ لِفُلَانٍ یعنی ایک شخص نے حضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پاس آ کر عرض کی : یارسولَ اللہ ! کون سا صدقہ زیادہ اجر و ثواب کا باعث ہے ؟  آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : تیرا اس حال میں صدقہ کرنا  ( زیادہ اجر کا باعث ہے )  کہ تو تندرست ہو ، مال کی ضرورت ہو ، فقر کا ڈر ہو اور مالدار بننے کا خواہش مند بھی ہو۔ اور صدقے میں اتنی تاخیر نہ کرو کہ جان گلے کو آئے تبھی کہو کہ میرے مال کا اتنا حصہ اس شخص کو دے دو اور اتنا مال اس کو دے دو حالانکہ وہ تو اب  ( گویا ) دوسروں کا ہو ہی چکا ہے۔[7]

اصول08 : فضول اور بےفائدہ چیزوں کو چھوڑ دو !

 مِنْ حُسْنِ اِسْلَامِ الْمَرْءِ تَرْكُهُ مَا لَا يَعْنِيهِ یعنی بندے کے اسلام کی خوبی ہے کہ جس چیز سے تعلق نہیں اسے چھوڑ دے۔[8]

اصول09 : صحت و فراغت کو فضول نہ گنواؤ !

 نِعْمَتَانِ مَغْبُونٌ فِيهِمَا كَثِيرٌ مِنَ النَّاسِ الصِّحَّةُ وَالْفَرَاغُ یعنی دو نعمتیں ایسی ہیں جن میں اکثر لوگ دھوکے میں ہیں : صحت اور فراغت۔[9]

اصول10 : صحت میں کمالو ، عذر میں کام آئے گا۔

اِذَا مَرِضَ الْعَبْدُ اَوْ سَافَرَ كُتِبَ لَهُ مِثْلُ مَا كَانَ يَعْمَلُ مُقِيمًا صَحِيحًا یعنی جب بندہ بیمار ہوتا ہے یا سفر کی حالت میں ہوتا ہے  ( اور اپنے معمول کی نیکیاں نہ کر پائے )  تب بھی اس کے لئے وہ عمل لکھ دیے جاتے ہیں جو وہ اپنے گھر میں حالتِ صحت میں کیا کرتا تھا۔[10]

اصول11 : کسی اچھائی کو چھوٹا نہ سمجھو !

كُلُّ مَعْرُوفٍ صَدَقَةٌ یعنی ہر نیکی صدقہ ہے۔  [11]

لَا تَحْقِرَنَّ مِنَ الْمَعْرُوفِ شَيْئًا وَلَوْ اَنْ تَلْقَى اَخَاكَ بِوَجْهٍ طَلْقٍ یعنی نیکی کے کسی بھی کام کو معمولی نہ جانو ، خواہ اپنے  ( مسلمان )  بھائی سے ہنستے مسکراتے ملنا ہی ہو۔[12]

اصول12 : اختلافات سے بچنا ہے تو سنّت کو تھام لو !

فَاِنَّهُ مَنْ يَعِشْ مِنْكُمْ يَرَ اخْتِلَافًا كَثِيرًاوَاِيَّاكُمْ وَمُحْدَثَاتِ الْاُمُورِ فَاِنَّهَا ضَلَالَةٌ فَمَنْ اَدْرَكَ ذَلِكَ مِنْكُمْ فَعَلَيْکُم بِسُنَّتِي وَسُنَّةِ الْخُلَفَاءِ الرَّاشِدِينَ الْمَهْدِيِّينَ عَضُّوا عَلَيْهَا بِالنَّوَاجِذِ یعنی تم میں سے جو شخص میرے بعد زندہ رہا وہ بہت سے اختلافات دیکھے گا ، خبردار ! دین میں نئی نئی بدعات ایجاد کرنے سے بچنا ، کیونکہ یہ گمراہی ہے۔ اگر تم میں سے کوئی یہ زمانہ پالے تو اسے چاہئے کہ میری سنّت اور ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کے طریقے کو لازم پکڑے۔ ان کو داڑھوں سے مضبوط پکڑے۔[13]

اصول13 : آپس میں ایک جسم کی مانند رہو !

مَثَلُ الْمُؤْمِنِينَ فِي تَوَادِّهِمْ وَتَرَاحُمِهِمْ وَتَعَاطُفِهِمْ مَثَلُ الْجَسَدِ اِذَا اشْتَكَى مِنْهُ عُضْوٌ تَدَاعَى لَهُ سَائِرُ الْجَسَدِ بِالسَّهَرِ وَالْحُمَّى یعنی مؤمنوں کی مثال ایک دوسرے کے ساتھ محبت ، رحم اور شفقت و نرمی کرنے میں ایک جسم کی طرح ہے ، جب اس کا   عضو درد کرتا ہے تو باقی سارا جسم بھی اس کی وجہ سے بے خوابی اور بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے۔[14]

اصول14 : رحم کروگے تو رحم ہوگا !

مَنْ لَا يَرْحَمِ النَّاسَ لَا يَرْحَمْهُ اللهُ عَزَّ وَجَلَّ یعنی جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا اللہ پاک بھی اس پر رحم نہیں کرے گا۔[15]

اصول15 : دوسروں کے حقوق و منصب کا خیال کرو !

لَا تَحَاسَدُوا وَلَا تَنَاجَشُوا وَلَا تَبَاغَضُوا وَلَا تَدَابَرُوا وَلَا يَبِعْ بَعْضُكُمْ عَلَى بَيْعِ بَعْضٍ وَكُونُوا عِبَادَ اللّٰهِ اِخْوَانًا یعنی ایک دوسرے سے حسد نہ کرو ، نہ خرید و فروخت میں ( دھوکا دینے کے لئے )  بولی بڑھاؤ ، نہ ایک دوسرے سے بغض رکھو ، نہ ایک دوسرے سے بے رخی بَرتو اور نہ تم میں سے کوئی دوسرے کے سودے پر سودا کرے اللہ کے بندو ! بھائی بھائی بن جاؤ۔[16]

اصول16 : مسلمان بھائی پر نہ ظلم کرو نہ اسے رُسوا کرو !

اَلْمُسْلِمُ اَخُو الْمُسْلِمِ لَا يَظْلِمُهُ وَلَا يَخْذُلُهُ وَلَا يَحْقِرُهُ یعنی مسلمان مسلمان کا بھائی ہے ، نہ اس پر ظلم کرے ، نہ اسے  ( مدد کے وقت بے یار و مددگار چھوڑ کر )  رسوا کرے اور نہ اسے حقیر جانے۔[17]

اصول17 : ظالم کو روکو ! مظلوم کا ساتھ دو !

اُنْصُرْ اَخَاكَ ظَالِمًا اَوْ مَظْلُومًا فَقَالَ رَجُلٌ يَا رَسُول اللّٰهِ اَنْصُرُهُ اِذَا كَانَ مَظْلُومًا اَفَرَاَيْتَ اِذَا كَانَ ظَالِمًا كَيْفَ اَنْصُرُهُ قَالَ تَحْجُزُهُ اَوْ تَمْنَعُهُ مِنَ الظُّلْمِ فَاِنَّ ذَلِكَ نَصْرُهُ یعنی  ” اپنے بھائی کی مدد کیا کرو خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔ “  ایک صحابی نے عرض کیا : اے اللہ کے رسول ! اگر وہ مظلوم ہو تب تو اس کی مدد کروں لیکن جب وہ ظالم ہو تو اس کی مدد کیسے کروں ؟  نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : تم اس کو ظلم سے روکو یہی اس کی مدد ہے۔[18]

اصول18 : غلطی ہوجائے تو اچھائی بھی کرو !

اِتَّقِ اللّٰهَ حَيْثُمَا كُنْتَ وَاَتْبِعِ السَّيِّئَةَ الْحَسَنَةَ تَمْحُهَا وَخَالِقِ النَّاسَ بِخُلُقٍ حَسَنٍ یعنی تم جہاں بھی ہو اللہ پاک سے ڈرو اور گناہ کے بعد نیکی کرو ، وہ اس گناہ کو ختم کر دے گی۔ نیز لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آؤ۔[19]

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، نائب مدیر ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی



[1] بخاری ، 1 / 5 ، حدیث : 1

[2] بخاری ، 4 / 105 ، حدیث : 6018

[3] بخاری ، 1 / 433 ، حدیث : 1283

[4] مسلم ، ص 1222 ، حدیث : 7500

[5] بخاری ، 4 / 130 ، حدیث : 6114

[6] ترمذی ، 4 / 232 ، حدیث : 2526

[7] بخاری ، 1 / 479 ، حدیث : 1419

[8] ترمذی ، 4 / 142 ، حدیث : 2324

[9] بخاری ، 4 / 222 ، حدیث : 6412

[10] بخاری ، 2 / 308 ، حدیث : 2996

[11] بخاری ، 4 / 105 ، حدیث : 6021

[12] مسلم ، ص 1084 ، حدیث : 6690

[13] ترمذی ، 4 / 308 ، حدیث : 2685

[14] مسلم ، ص1071 ، حدیث : 6586

[15] مسلم ، ص 975 ، حدیث : 6030

[16] مسلم ، ص1064 ، حدیث : 6541

[17] مسلم ، ص1064 ، حدیث : 6541

[18] بخاری ، 4 / 389 ، حدیث : 6952

[19] ترمذی ، 3 / 397 ، حدیث : 1994


Share

Articles

Comments


Security Code