دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے !

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا غیاث الدین عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ2023


جانشینِ امیرِاہلِ سنّت

مولانا عبیدرضا عطّاری مدنی کا دورۂ یورپ

یورپ کے مختلف شہروں میں ہونے والے

سنتوں بھرے اجتماعات میں بیانات فرمائے

جانشین ِامیر ِاہلِ سنّت  حضرت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی کا دینی کاموں کے سلسلے میں یکم سے 12 دسمبر 2022ء تک یورپ کے مختلف ممالک کا دورہ رہا۔ جانشینِ امیرِ اہلِ سنت کا دورۂ یورپ کے دوران پُرتگال  ( Portugal ) ، اسپین  ( Spain ) ، جرمنی  ( Germany ) ، اٹلی  ( Italy ) ، نیدر لینڈز  ( Netherlands ) ، بیلجیم  ( Belgium )  اور سویڈن  ( Sweden )  میں جانا ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت حضرت  مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی مُدَّظِلُّہُ العالی نے مذکورہ ممالک کے مختلف شہروں اور علاقوں میں قائم دعوتِ اسلامی کے مدنی مراکز ، مقامی مساجد اور مقامی کمیونٹی ہالز میں ہونے والے سنتوں بھرے اجتماعات میں بیانات کئے۔ دورانِ دورہ جانشینِ  امیرِ اہلِ سنّت نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد و شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔اس کے علاوہ جانشینِ امیرِاہلِ سنّت نے جامعۃُ المدینہ بوائزاٹلی بلونیا کی برانچ کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود طلبۂ کرام کی دستار بندی کی۔مزید اسپین کے علاقے ترینیتات  ( Trinitat )  میں مولانا عبید رضا عطّاری  مدنی کے ہاتھوں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا افتتاح بھی کیا گیا۔

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری کا

دینی کاموں کے سلسلے میں مختلف ممالک کا دورہ

اجتماعات اور مدنی حلقوں میں بیانات فرمائے اور ذمہ داران کے مدنی مشوروں میں دینی کاموں کا جائزہ لیا

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے دینی کاموں کے سلسلے میں 03 دسمبر کو متحدہ عرب امارات  ( U.A.E ) ، 04 تا 06 دسمبر ساؤتھ افریقہ  ( South Africa ) ، 07 تا 14 دسمبر یوکے  ( U.K ) ، 15 دسمبر کو اسپین  ( Spain ) ، 16 اور 17دسمبر کو مراکش  ( Morocco )  کا دورہ کیا۔اس دوران نگرانِ شوریٰ نے مختلف شہروں میں واقع دعوتِ اسلامی کے مدنی مراکز اور مقامی مساجد میں ہونے والے سنتوں بھرے اجتماعات میں بیانات کئے۔اس کے علاوہ نگرانِ شوریٰ نے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بریڈ فورڈ  ( Bradford )  میں منعقد کئے گئے ٹریننگ سیشن میں جامعۃُ المدینہ کے طلبہ اور اساتذۂ کرام سمیت امریکا  اور کینیڈا کے ذمہ داران کی تربیت کی جبکہ یوکے کے شہر مانچسٹر  ( Manchester )  کے دستارِ فضیلت اجتماع میں خصوصی بیان فرمایا اور مدنی اسلامی بھائیوں کے سروں پر دستار سجائی۔  اسی طرح نگرانِ شوریٰ نے یوکے میں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کے لئے لی گئی غیر مسلموں کی عبادت گاہ ، دارُ المدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کی برانچ اور مختلف شہروں میں قائم جامعاتُ المدینہ کا وزٹ کرتے ہوئے تعمیراتی ، تعلیمی ا ور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

جوہانسبرگ ساؤتھ افریقہ میں

دستارِ فضیلت اجتماع کا انعقاد

نگرانِ شوریٰ کا خصوصی بیان

سُن کر پانچ غیر مسلموں نے اسلام قبول کرلیا

دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃُ المدینہ بوائز کے زیرِ اہتمام ساؤتھ افریقہ کے شہر جوہانسبرگ ( Johannesburg )  میں 4دسمبر 2022ء کو ” عظیم الشان دستارِ فضیلت اجتماع “ منعقد کیا گیا جس میں شیخ الحدیث حضرت علامہ مولانا افتخار احمد قادری رضوی مصباحی مُدَّ ظِلُّہُ العالی سمیت ساؤتھ افریقہ کے مختلف شہروں سے علمائے کرام ، سماجی و کاروباری حضرات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ عاشقانِ رسول اور ذمہ داران ِدعوت اسلامی نے شرکت کی۔ اجتماع میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان فرمایا جبکہ مفتی عبد النبی حمیدی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے اس بیان کا انگریزی زبان میں خلاصہ بیان کیا۔ بعدازاں جامعۃُ المدینہ سے فارغُ التحصیل ہونے والے علمائے کرام کے سروں پر عمامے سجائے گئے اور  ان میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر اجتماع میں شریک پانچ غیر مسلموں نے اسلامی تعلیمات سے متأثر ہوکر اسلام قبول کرنے  کی خواہش کا اظہار کیا جس پر مفتی عبد النبی حمیدی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے انہیں کلمۂ طیبہ پڑھاکر دائرۂ اسلام میں داخل کیا اور ان کے اسلامی نام رکھے۔ صلوٰۃ و سلام پر اس اجتماع کا اختتام ہوا۔

فیضان آن لائن اکیڈمی فیضانِ مدینہ فیصل آباد

برانچ کے اسٹاف کا سنتوں بھرا اجتماع

نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے بیان کیا

7 دسمبر 2022ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں قائم فیضان آن لائن اکیڈمی  کی برانچ کے اسٹاف کا سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں اساتذۂ کرام ، ناظمین اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے اسلامی بھائیوں کے درمیان سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ اس کے بعد نگرانِ پاکستان مشاورت نے شعبے کی سابقہ کار کردگی کا جائزہ لیا اور قیمتی نکات سے نوازتے ہوئے شرکا کو 12ماہ ، ایک ماہ ، 12 دن اور 3 دن کے مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی جس پر اسلامی بھائیوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔ آخر میں بہترین کار کردگی کے حامل اسلامی بھائیوں کو انعامات دیئے گئے۔

مَلاوِی میں دعوتِ اسلامی کے تحت سنتوں بھرا اجتماع

دو غیر مسلم کلمۂ طیبہ پڑھ کر دائرۂ  اسلام میں داخل ہوگئے

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 4 دسمبر 2022ء کو چکنڈا گاؤں  ( Chikunda )  ملاوی  ( Malawi )  میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں عاشقانِ رسول اور 21 مساجد کے ائمۂ کرام نے شرکت کی۔مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا عثمان عطّاری مدنی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو نیکی کی دعوت پیش کی۔آخر میں یہ خوش آئند واقعہ پیش آیا کہ دو غیر مسلموں نے مبلغِ دعوت اسلامی سے اسلام کے متعلق چند سوالات کئے ، جن  کے تسلی بخش جوابات ملنے پر وہ غیر مسلم کلمۂ طیبہ پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔

ممباسا کینیا میں دستارِ فضیلت اجتماع کا انعقاد

رکنِ شوریٰ مولانا جنید عطّاری مدنی کا خصوصی بیان

4 دسمبر 2022ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ممباسا کینیا میں جامعۃُ المدینہ سے فارغُ التحصیل ہونے والے علمائے کرام اور مدرسۃُ المدینہ سے حفظ مکمل کرنے والے طلبۂ کرام کے لئے تقسیمِ اسناد اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعۃُ المدینہ کے طلبۂ کرام ، اساتذۂ کرام ، ناظمین سمیت سرپرستوں نے شرکت کی۔رکنِ شوریٰ مولانا حاجی جنید عطّاری مدنی نے ” علمِ دین کی فضیلت “ پر سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو خوب علم ِدین حاصل کرتے رہنے کی ترغیب دلائی۔ آخرمیں رکنِ شوریٰ اور اساتذۂ کرام نے درسِ نظامی مکمل کرنے والے مدنی اسلامی بھائیوں اور حفظِ قراٰنِ پاک مکمل کرنے والے طلبہ کو اسناد دیں جبکہ مدنی اسلامی بھائیوں کے سروں پر دستارِ فضیلت سجائی گئی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز


Share

Articles

Comments


Security Code