دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دُھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا حسین علاؤالدین عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2022ء


نگرانِ شوریٰ کا دورۂ یورپ

مدنی مراکز اور مختلف مقامات پرہونے و      الے

اجتماعات و مدنی مشوروں میں شرکت فرمائی

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سال رواں2022ء میں 21 سے 27 مئی تک دینی کاموں کے سلسلے میں یورپ کے مختلف ممالک کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق نگرانِ شوریٰ نے درج ذیل مقامات پر بیانات کئے:

برمنگھم کے علاقے اسٹچفورڈ ،  مڈلینڈ کے سٹی ڈڈلی  ( Dudley ) ، یوکے کے شہر کریڈلی ہیتھ  ( Cradley Heath ) ، لیسٹر ،  ویلز کے شہر کارڈف  ( Cardiff ) ، اسکاٹ لینڈکے شہر گلاسگو کی جامع مسجد اسلامیہ ،  مانچسٹر کی مرکزی مسجد ،  بلیک برن  ( Blackburn ) ، ہیکمنڈ وائیک  ( Heckmondwike ) ، ڈیوسبوری  ( Dewsbury ) ، بیڈ فورڈ شائر یونیورسٹی ،  یوکے کی جامع مسجد شاہ جہاں ،  لندن کی جامع مسجد فیضانِ فاروقِ اعظم ،  پاکستان کمیونٹی سینٹر ویلسڈن گرین لندن ،  یوکے ہنسلو  ( Hounslow ) ، مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بریڈ فورڈ یوکے ،  ایمسٹر ڈیم  ( Amsterdam )  ہالینڈکے مقامی ہال ،  جرمنی کے شہر ہاگن کی فیضان ِاسلام مسجد ،  مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اوسلو ناروے ،  مدنی مرکز فیضان ِمدینہ بلونیا اٹلی ، اسپین ، ویلیئرز لی بیل  ( Villiers le bel ) پیرس فرانس ،  کِرت یونان میں قائم مدنی مرکز فیضانِ غوث الاعظم ،  ایتھنز یونان  ( Athens Greece ) کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اور مدنی مرکز فیضانِ مدینہ استنبول ترکی۔

ان اجتماعات میں بزنس مین ،  مختلف شخصیات ،  ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی ،  اسٹوڈنٹس اور دیگر عاشقانِ رسول کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔اپنے دورے میں نگرانِ شوریٰ نے مختلف مقامات پر مقامی ذمہ داران سے مدنی مشورے بھی کئے  جن میں ان کی دینی ،  اخلاقی اور تنظیمی تربیت کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے شہروں  میں دینی کاموں کومزید فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی۔

دعوتِ اسلامی کے وفد کی ڈی جی رینجرز سندھ

میجر جنرل افتخار حسن سے ملاقات

رکن ِشوریٰ حاجی اطہر عطّاری نے ڈی جی رینجرز سندھ

کو تعلیمی شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی اطہر عطّاری کی سربراہی میں دعوتِ اسلامی کے وفد نے 31 مئی 2022ء کو ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن سے کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر حاجی اطہر عطّاری نے میجر جنرل افتخار حسن کو دارُ المدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم ،  دارُ المدینہ یونیورسٹی ،  دارُ المدینہ کالج اور کنزُالمدارس بورڈ کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ دعوتِ اسلامی کے تحت دنیا بھر میں ہونے والے دینی وفلاحی کاموں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ رکنِ شوریٰ اور میجر جنرل افتخار حسن کے درمیان تعلیمی امور سمیت دیگر معاملات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ اس موقع پر شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے ذمہ دار حاجی یعقوب عطّاری اور محمدیحییٰ عطّاری بھی موجود تھے۔

مَلاوی ،  افریقہ میں 35افراد کا قبول اسلام

نیومسلم  افراد کی اسلامی تربیت کا

باقاعدہ اہتمام کیا جارہا ہے

دعوتِ اسلامی دینِ اسلام کی ایک عالمگیر تحریک ہے جو دنیا بھر میں تبلیغ ِدین کے لئے کوشاں ہے۔ اس تحریک کے مبلغین دینِ اسلام  کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے دنیا کے کونے کونے میں سفر کررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں 30 مئی 2022ء کو برِّ اعظم افریقہ کے ملک مَلاوی کے ایک گاؤں یوٹالی میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے دینی حلقے کا انعقاد کیا گیا۔ دینی حلقے میں مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا عثمان عطّاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا اور عاشقانِ رسول کو اللہ پاک اور اس کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دلائی۔ دینی حلقے میں مسلمانوں کے ساتھ غیرمسلم بھی موجود تھے۔ کم و بیش ڈیڑھ گھنٹے کے سنّتوں بھرے بیان کے بعد مجمع میں سے 35 افراد نے دینِ اسلام کی تعلیمات سے متأثر ہوکر قبول ِ اسلام کی خواہش کا اظہار کیا۔ مولانا عثمان عطّاری نے انہیں کلمۂ طیبہ پڑھاکر دائرۂ اسلام میں داخل کیا اور ان کے اسلامی نام بھی رکھے۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا عثمان عطّاری مدنی  کا کہنا ہے کہ ان افراد کی دینی تربیت کے سلسلے میں یوٹالی گاؤں میں ایک مسجد و مدرسے کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ یہ بندگانِ خدا اپنے معبودِ حقیقی کی عبادت دل جمعی کے ساتھ کرسکیں۔ واضح رہے کہ پچھلے چند مہینوں میں مبلغینِ دعوتِ اسلامی کی انفرادی کوششوں سے ملاوی افریقہ میں 22سو سے زائد افراد اپنا سابقہ باطل مذہب چھوڑ کر دائرۂ اسلام میں داخل ہوچکے ہیں۔

لاہور میں تین دن کا سنّتوں بھرا اجتماع ،

مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ذمہ داران کی شرکت

اجتماع میں حاجی یعفور عطّاری اور دیگر مبلغین

نے بیانات فرمائے

ماہِ جون میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں تین دن کا سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں مختلف ڈیپارٹمنٹس  ( رابطہ برائے شخصیات ،  رابطہ برائے خصوصی شخصیات ،  میڈیا ڈیپارٹمنٹ ،  شعبہ اصلاح برائے قیدیان ،  رابطہ برائے شوبیز ڈیپارٹمنٹ ،  رابطہ برائے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ ،  فیضانِ مرشد ڈیپارٹمنٹ ،  فیضانِ مرشد خصوصی ڈیپارٹمنٹ ،  رابطہ برائے سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ ،  رابطہ برائے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ ،  رابطہ برائے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ ،  سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ ،  پروفیشنل فورم ،  شعبۂ تعلیم ،  شعبہ چائنیز ،  شعبہ رابطہ برائے وکلاء ،  رابطہ برائے ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ )  کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ اس اجتماع میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطّاری نے ” کسٹمر کیئر سروس “ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور انہیں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کو اخلاص کے ساتھ کرنے کا ذہن دیا جس پر شرکا نے اچھی اچھی نیتیں بھی کیں۔

دعوتِ اسلامی کے وفد کا برطانیہ میں

قائم تاجکستانی سفارتخانے کا دورہ

ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی کی سفارت خانے میں عہدیداران سے ملاقات

دعوتِ اسلامی کے شعبہ پبلک ریلیشن ڈیپارٹمنٹ برطانیہ کے نگران حاجی سید فضیل رضا عطّاری اور گریٹر لندن یوکے کے نگران رضوان رشید عطّاری نے 22 جون کو برطانیہ میں قائم تاجکستان سفارت خانے کا دورہ کیا۔ اس دورے میں ذمہ داران نے ظفر صفارو  ( فرسٹ سیکریٹری اور تاجکستان کے سفارت خانے کے امور کے انچارج )  اور رستم  ( برطانیہ میں تاجکستان کے سفارت خانے میں سفیر کے تیسرے سیکرٹری اور پرسنل اسسٹنٹ )  سے ملاقات کی۔ سید فضیل رضا عطّاری نے انہیں دعوتِ اسلامی کے شعبہ FGRF کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی اور تاجکستان میں FGRF کے تحت دینی و فلاحی کام کے آغاز پر گفتگو کی۔


دعوتِ اسلامی کی مزید خبریں

جاننے کے لئے وزٹ کیجئے

آفیشل نیوز ویب سائٹ ”  دعوتِ اسلامی کے شب وروز “

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ،  شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ،  کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code