ہرمخالفت کاجواب دینی کام

ہرمخالفت کاجواب دینی کام

ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2022ء

از : شیخِ طریقت ،  امیرِ اَہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ

دعوتِ اسلامی بنی اور جب اس نے کچھ اُٹھان لی تو خواہ مخواہ کے اعترضات شروع ہوئے ،  غلط فہمی کی بنیاد پر میری مخالفت میں اشتہارات چَھپے اور کتابیں بھی نکلیں ،  مگر میرا جواب ہوتا تھا :   ” خاموشی !  “  اس پر بھی اعتراضات کرنے والوں کی طرف سے غصے کا اظہار ہوتا تھا کہ  ” یہ جواب نہیں دیتا !  “  لیکن میرا ذہن بنا ہوا تھا کہ میں ان کے غیر ضروری اعتراضات کے  ” جواب “  دوں گا تو شاید یہ  ” جوابُ الجواب “  دیں گے اور یہ سلسلہ طول پکڑ سکتا ہے ،  شاید ان کا اور کوئی کام نہ ہو مگر  ” میرے کام تو بہت ہیں۔  “ بہرحال تنظیمی اصول یہی ہے کہ  ” ہر مخالفت کاجواب دینی کام “  ،  جتنا دینی کام بڑھا دیں گے اُتنا زیادہ فائدہ ہوگا کیونکہ اکثر مرتبہ مخالفت برائے مخالفت ہوتی ہے اور بعض اوقات تو مقصود ہی چھیڑنا ہوتا ہے کہ اس کو چھیڑ دو اور پھر ہَٹ جاؤ اب یہ جوابی کاروائیوں میں لگا رہے گا ،  لہٰذا  ” ہمیں کھلونا نہیں بننا چاہئے “ ۔ ہم خواہ مخواہ کے اعتراض کے جواب دینے کے لئے بیٹھ جائیں ،  کیا اس سے بہتر نہیں کہ ہم کسی کو نماز سکھانا شروع کر دیں ،  کسی کوقراٰنِ کریم کی کوئی سورت یاد کروانا شروع کر دیں اور کسی کو کوئی سنّت بتانا شروع کر دیں۔ ہمارے پاس وقت تھوڑا ہے ،  جو سانس نکلا اب دنیا کا  ” بلینک چیک “  بھی اس سانس کو خرید نہیں سکتا ،  جب وقت انمول ہے تو کیوں نہ ہم اس کو زیادہ فائدے والے کاموں میں استعمال کریں ،  اللہ کریم ہمیں اس کی توفیق دے ، اٰمین۔ دعوتِ اسلامی والوں کو چاہئے کہ فضول قسم کے اعتراضات ہونے پر بے جاجذباتی نہ بنیں۔ اَلحمدُ لِلّٰہ دعوتِ اسلامی سدا بہار ہے ،  موسمی نہیں ہے کہ سیزن آگیا تو کچھ کر لیا اور پھر لمبی تان کر سو گئے ،  اَلحمدُلِلّٰہ جب سے دعوتِ اسلامی بنی ہے میرا تو یہی مشاہدہ ہے کہ ایک سیکنڈ کے لئے بھی پیچھے نہیں ہٹی ،  آگے ہی بڑھتی چلی جارہی ہے۔ بغیر کسی اشتہار کے ہم نے دعوتِ اسلامی کا کام شروع کیا تھا ،  اللہ کی رحمت سے مسلمانوں کا رُخ ہماری طرف ہونا شروع ہوگیا ،  جب کسی نے بے جا اختلاف کیا ،  کسی نے بُرا بھلا بھی کہا لیکن ہم نے حتّی الامکان ان کے جواب دینے میں وقت ضائع نہیں کیا ،  بس کام بڑھاتے رہے ،  اللہ رب العزت کی رحمت ہے کہ دنیا کے بے شمار ممالک میں اس وقت دعوتِ اسلامی اپنا دینی کام کر رہی ہے۔ ہماری منزل رضائے الٰہی ہے ،  اللہ کی رضا نصیب ہوجائے ،  اس کے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نظرِ کرم ہوجائے تو بیڑا پار ہے !  سارے دعوتِ اسلامی والے میری ان باتوں کو اپنالیں گے اور اسی انداز پر رہیں گے تو اِنْ شآءَ اللہ الکریم سب بہتر ہوجائے گا۔

(نوٹ : یہ مضمون 12جون2022ء کو امیرِ اہلِ سنّت کے فیس بک پیج پر ہونے والے لائیو نشریات میں آپ سے پوچھے گئے ایک سوال اور آپ کے جواب کی مدد سے تیار کرکے امیرِ اہلِ سنّت سے نوک پلک سنورواکر پیش کیا گیا ہے۔)


Share

Articles

Comments


Security Code