باتوں سے خوشبو آئے

بزرگانِ دین کے مبارک فرامین

*مولانا سید عمران اختر عطّاری مدنی

ما ہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2023

باتوں سے خوشبو آئے

بھلائی کس میں ہے؟

کیا تمہیں معلوم ہے کہ تم ایک مقررہ مدت میں صبح و شام بسر کر رہے ہو ! اُس بات میں کوئی بھلائی نہیں جس سے اللہ پاک کی رضا مقصود نہ ہو۔اُس مال میں کوئی بھلائی نہیں جسے راہِ خدا میں خرچ نہ کیا جائے ۔ اُس شخص میں کوئی بھلائی نہیں جس کی جہالت اس کی برد باری پر غالب آجائے اور اس شخص میں کوئی بھلائی نہیں جسے اللہ پاک کے معاملے میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کا ڈر ہو۔

( ارشادِ حضرت سیّدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ )  ( حلیۃ الاولیاء ، 1 / 71 ، رقم : 82 )

مسلمانوں کی تکریم

تقویٰ و پرہیزگاری اور اللہ پاک کی فرماں برداری اختیار کرو اور اپنے ہاتھوں کو مسلمانوں کی خون ریزی کرنے ، اپنے پیٹ کو ان کے مال ہڑپنے اور اپنی زبان کو ان کی عزّت پامال کرنے سے بچاؤ۔

 ( ارشادِ حضرت سیّدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ )  ( رسالۃ المسترشدین ، ص 46 )

حرام سے بچو !

ہم حرام کے دروازے میں داخل ہونے کے ڈر سے حلال کے70دروازے چھوڑدیتے تھے۔

 ( ارشادِ حضرت سیّدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ ) ( رسالہ قشیریہ ، ص 325 )

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

اُمّتِ محمدیہ کے پہلے غوث

غوثِ اکبر وغوثِ ہر غوث حضور سیدِ عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہیں ، پھر اُمّت میں سب سے پہلے درجۂ غوثیت پر امیر المؤمنین حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ممتا ز ہوئے۔ ( ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت ، ص 178ملتقطاً )

ہمیشہ صحبتِ مصطفےٰ نصیب رہی

 جب سے خدمتِ اقدس  ( صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) میں  ( حضرت صدیقِ اکبر )  حاضر ہوئے کسی وقت جُدا نہ ہوئے۔ یہا ں تک کہ بعدِ وفات بھی پہلوئے اَقدس میں آرام فرماہیں۔ ( ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت ، ص61 )

عطّار کا چمن ، کتنا پیارا چمن !

انبیاء کے بعد سب سے افضل انسان

آپ  ( صدیقِ اکبر ) رضی اللہ عنہ اس قدر جامِعُ الکَمالات اور مَجْمعُ الفضائل ہیں کہ اَنبیائے کِرام علیہمُ الصّلوٰۃ ُوالسّلام کے بعد اگلے اور پچھلے تمام انسانوں میں سب سے افضل و اعلیٰ ہیں۔ ( عاشقِ اکبر ، ص4 )

عاشقِ اکبر کی سیرت اپنائیے !

سنتیں سیکھتے سکھاتے یا سنتوں پر عمل کرتے کراتے ہوئے اگر مشکلات کا سامنا ہو تو ہمیں عاشقِ اکبر سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کے حالات و واقعات کو پیشِ نظر رکھ کر اپنے لئے تسلی کا سامان مہیا کرکے دینی کام مزید تیز کر دینا چاہئےاور دین کے لئے تَن مَن دَھن نثار کردینے کا جذبہ اپنے اندر اُجاگر کرنا چاہئے۔ ( عاشقِ اکبر ، ص12 )  

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ما ہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code