شانِ صحابہ

آؤ بچو حدیثِ رسول سنتے ہیں

شانِ صحابہ

مولانا محمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اگست 2022ء

ہمارےپیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : اَكْرِمُوا اَصْحَابِي فَاِنَّهُمْ خِيَارُكُمْ یعنی میرے صحابہ کی عزت کرو کیونکہ وہ تمہارے بہترین ( لوگ ) ہیں۔ ( شرح السنہ ، 5 / 23 ، حدیث : 2246 )

صحابی کا معنی ہے دوست ، ساتھی جبکہ  شریعت میں صحابی وہ انسان ہے جو ہوش و ایمان کی حالت میں حُضُورِ انور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو دیکھے یا صحبت میں حاضر ہو اور ایمان پر اس کا خاتمہ ہو ۔ ( مراٰۃ المناجیح ، 8 / 334ملخصاً )

صحابۂ کرام کے فضائل و کمالات بہت زیادہ ہیں ، ہم یہ سوچیں کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نےہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ، ان کے رات دن  کو دیکھا ، اپنا تَن مَن دَھن ( یعنی جسم و جان  اور مال ) سب نبیِّ پاک پر قربان کرنے کے لئے تیار رہتے ، نبیِّ پاک کی مبارک زبان سے نکلنے والے الفاظ سنے اور ان پر عمل کیا ، کتنے خوش قسمت لوگ تھے وہ  کہ ہر صبح حضور کے دیدار سے اپنی آنکھیں ٹھنڈی کرتے تھے ۔

صحابہ وہ صحابہ جن کی ہرصبح عیدہوتی تھی

خداکا قرب حاصل تھانبی کی دِیدہوتی تھی

صحابہ نے حضورِانور کی صحبت پائی ، حضور سے علم   حاصل کیا ، حضور کے جمال ( مبارک چہرے ) پر ایک نظر وہ کام کرتی ہے جو عمر بھر کے چلّے خلوتیں عبادتیں نہیں کرسکتیں کوئی اس جیسا نہیں ہوسکتا۔

( مراٰۃ المناجیح ، 8 / 340ملخصاً )

اچّھے بچّو  !  صحابۂ کرام کے ذریعے ہی ہمیں قراٰن ملا ، دین ملا  تو   جو لوگ اتنے عظیم رتبے پر  فائز ہیں ، ان کی عزت و تعظیم ہر مسلمان پر لازم و ضروری ہے ۔کبھی بھی ان کی شان میں  کوئی ایسی بات نہ کہی جائے جو ان کی شان کے لائق نہ ہو ، ہمیں خود بھی ان کی بے ادبی سے بچنا چاہئے اور جو لوگ صحابۂ کرام کو برا بھلا کہتے ہیں ان کے قریب بھی نہیں جانا چاہئے۔

تمام صحابہ یقینی طور پر  جنتی ہیں ، حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے بذاتِ خودان کے جنتی ہونے کا بیان فرمایا ہے اور اللہ پاک نے ان کے ساتھ بھلائی ( اچھائی ) کا وعدہ فرمایا ہے۔تو جن ہستیوں کے اتنے زیادہ فضائل ہیں ان کی ہمیں عزت کرنی چاہئے ، ان کی شان میں گستاخی سے بچنا چاہئے ، جب بھی ان کا ذکر کریں تو اچّھے الفاظ میں ہی کریں۔

ہر صحابیِ نبی جنّتی جنّتی

اللہ پاک ہمیں صحابۂ کرام  کی عزت و تکریم کرتے رہنے اور   بے ادبی سے بچتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* ( فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی )


Share

Articles

Comments


Security Code