Educational Services of Dawat-e-ilami
مولانا راشد علی عطاری مدنی
2 ستمبر 1981ء کو کراچی کے علاقے کھارادر سے چلنے والی تحریک ”دعوتِ اسلامی“ اپنی عمر کے 42ویں سال جبکہ دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں پہنچ چکی ہے۔ صرف 41سال کے عرصے میں تقریباً دنیا بھر میں اپنا اثر چھوڑنا اللہ کریم کی خصوصی عطا اور اس کے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خصوصی نظرِ عنایت اور بانی دعوتِ اسلامی اور ان کے معاونین و متوسلین کی محنت و اخلاص کا نتیجہ ہے۔
گزشتہ 41 سالوں میں دعوتِ اسلامی نے جہاں عاشقانِ رسول میں نیکی کی دعوت عام کی، سیدھی راہ سے بھٹکے ہوئے افراد کو راہِ راست پر چلایا، غیر مسلموں کو دعوتِ اسلام دی اور کثیر تعداد کو دائرۂ اسلام میں داخل کیا، نوجوانوں کو نمازی اورسنت رسول کا پابند بنانے کے ساتھ ساتھ صحابۂ کرام و اہلِ بیت کی محبت میں گرویدہ کرکے اولیائے کرام کے دامن سے جوڑا، وہیں ایک بہت بڑا اقدام یہ کیا کہ کثیر پلیٹ فارمز پر ”علمِ دین کی تعلیم“ کو عام کیا۔
دعوتِ اسلامی نے جہالت کے اندھیرے کو دور کرنے اور بے عملی کی نحوست کا خاتمہ کرنے کے لئے تعلیمی میدان میں کئی طرح سے خدمات انجام دیں۔ ہر عمر کے افراد کے لئے مختلف حصولِ علم کے شعبہ جات کا قیام کیا۔
نونہالانِ اُمّت یعنی بچّوں اور بچیوں کو کتابِ مقدس قراٰنِ کریم کی تعلیم دینے کے لئے مدارسُ المدینہ قائم کئے۔ دعوتِ اسلامی کا سب سے پہلا مدرسۃُ المدینہ 11ربیع الآخر 1411ھ، 8دسمبر 1990ء کو کراچی کے علاقے سبز مارکیٹ (شومارکیٹ، گارڈن) میں قائم ہوا اور آج اللہ کے فضل سے دنیا بھر میں بچّوں اور بچیوں کے 5 ہزار 947 مدارس قائم ہیں جہاں 2لاکھ 62ہزار112 سے زائد بچّوں اور بچیوں کو قراٰنِ کریم کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے۔ جبکہ آغاز سے اب تک ناظرہ و حفظ کی تعلیم پانے والے بچّوں اور بچیوں کی تعداد 4لاکھ39ہزار940 سے زائد ہے۔
علمِ دین صرف یہ نہیں کہ قراٰن کریم ناظرہ پڑھ لیا یا حفظ کرلیا بلکہ قراٰنِ کریم پڑھنا سیکھنے کے بعد سمجھنا اور اس کی جزئیات و کلیات سے تعلق رکھنے والے علوم کا حصول بھی علمِ دین ہے بلکہ حقیقی علمِ دین ہے۔ دعوتِ اسلامی نے اَلحمدُ لِلّٰہ اس پہلو پر بھی خوب توجہ دی چنانچہ علمِ دین کی عظیم دولت بصورتِ درسِ نظامی فراہم کرنے کے لئے ستمبر 1994ء کو کراچی کے علاقے گودھرا کالونی میں قائم مدرسۃُ المدینہ ہی سے جامعۃُ المدینہ کا آغاز کیا گیا۔ چند بچّوں اور ایک استاذ صاحب سے شروع ہونے والا یہ جامعۃُ المدینہ آج بہت بڑا تعلیمی نیٹ ورک بن چکا ہے۔ جس کے تحت صرف درسِ نظامی ہی نہیں بلکہ جدید خطوط پر کثیر علمی شعبہ جات جاری ہیں جن میں حدیث، فقہ اور مختلف لینگویجز کے تخصصات سرِ فہرست ہیں ستمبر 1994ء کو شروع ہونے والے جامعۃُ المدینہ کی آج دنیا بھر میں 1247 برانچز ہیں جن میں 96ہزار921 سے زائد طلبہ و طالبات اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ تادمِ تحریر 241مقامات پر طلبہ و طالبات کا دورۃُ الحدیث شریف اور 11 مقامات پر تخصصات جاری ہیں۔ جامعۃُ المدینہ کی مکمل تعلیمی خدمات و تفصیلات جاننے کے لئے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کا خصوصی شمارہ ”فیضانِ علم و عمل“ مکتبۃُ المدینہ سے حاصل کیجئے۔
بیٹیاں گھر کی عزّت، معاشرے کے سدھار کی اہم اکائی اور خاندانوں کی تربیت کا اہم رکن ہوتی ہیں۔ یہ کہنا کوئی مبالغہ نہ ہوگا کہ ایک بیٹی کی تربیت پورے خاندان کی تربیت ہے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ دعوتِ اسلامی نے جہاں خواتین اور بیٹیوں کی صحیح اسلامی تربیت کے لئے کثیر اقدامات کئے ہیں وہیں ان کی تعلیم کے لئے بھی کئی شعبہ جات قائم ہیں۔ درسِ نظامی یعنی عالمہ کورس کے علاوہ قلیل دورانیے پر مشتمل مختلف تعلیمی کورسز بھی جاری کئے گئے ہیں جن میں فیضانِ شریعت کورس بہت معروف ، مقبول اور عام ہے۔
جامعاتُ المدینہ سے درسِ نظامی اور فیضانِ شریعت کورس مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کی تعداد اَلحمدُ لِلّٰہ 16ہزار117 سے زائد ہے۔
لوگ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچّے علم ِ دین بھی حاصل کریں اور دنیاوی علوم میں بھی آگے آگے رہیں لیکن ایسا ماحول اور انداز نہیں ملتا، کتنے ہی ادارے ایسے ہیں کہ جو دینی و دنیاوی علوم کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ان میں غلبہ دنیاوی علوم کا ہوتاہے اور نصاب میں بعض اوقات ایسا مواد بھی شامل ہوتاہے جو عقائدِ اسلامیہ کے بھی خلاف ہوتاہے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ دعوتِ اسلامی نے اس کا بھی باقاعدہ منظم اور ٹھوس حل نکالا جسے دارُالمدینہ ایجوکیشن سسٹم اور فیضان اسلامک اسکول سسٹم کا نام دیا جاتاہے۔ اب تک ملک و بیرون ملک اس تعلیمی سسٹم کی 185برانچز میں 38ہزار سے زائد بچّے اور بچیاں زیرِ تعلیم ہیں۔
دنیا اگرچہ بہت بڑی ہے لیکن انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی نے اسے ایک گاؤں کی طرح بنادیا ہے جسے گلوبل ویلیج کا نام دیا جاتا ہے، دعوتِ اسلامی نے اس ٹیکنالوجی کو دینی تعلیم کے لئے استعمال کیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو معیاری دینی تعلیم فراہم کرنے کے لئے فیضان آن لائن اکیڈمی قائم کی۔ آن لائن پلیٹ فارم سے دعوتِ اسلامی 45برانچز اور 32 تعلیمی کورسز کے ذریعے علمِ دین سکھانے میں مصروف ہے۔
ہمارے معاشرے کی ایک سوچ بن گئی ہے کہ شاید باقاعدہ اداروں میں تعلیم حاصل کرنا صرف بچوں ہی کا کام ہے، حالانکہ دینِ اسلام تو ہر عمر کے افراد کو حصولِ علم کی تلقین کرتاہے۔ دعوتِ اسلامی نے اس معاشرتی سوچ کے پیشِ نظر غیرادارتی انداز میں بھی تعلیمِ دین کا اہتمام کیا چنانچہ وہ افراد جو بڑی عمر یا دنیاوی دیگر مصروفیات کے باعث باقاعدہ ادارتی نظام کے تحت علم حاصل نہیں کرپاتے ان کی ناظرہ قراٰنِ پاک اور فرض علوم کی تعلیم کے لئے مسجد مسجد میں مدارسُ المدینہ بالغان جبکہ کثیر مقامات پر گھروں اور مدارس میں بڑی عمر کی خواتین کے لئے مدارس کا آغاز کیا۔ اس وقت اَلحمدُ لِلّٰہ دنیا بھر میں مَرد حضرات کے لئے 45ہزار232جبکہ خواتین کے لئے 10ہزار 845سے زائد مدارس قائم ہیں۔ ان مدارس سے اب تک اَلحمدُ لِلّٰہ 3لاکھ 12ہزار 158 سے زائد مردوخواتین کو ناظرہ قراٰن پاک کی تعلیم دی جاچکی ہے۔
مدارس و جامعات کے علاوہ اَلحمدُ لِلّٰہ دعوتِ اسلامی نے تعلیمِ دین کے دیگر بھی بہت سے ذرائع اپنائے ہیں جن میں بعدِ نمازِ فجر حلقے میں قراٰن پاک کا ترجمہ و تفسیر، ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع کے بعد دعائیں اور سنتیں سکھانے کے حلقے، مدنی قافلوں میں نماز اور دعائیں وغیرہ سکھانے کا سلسلہ، مدنی چینل پر بہت سے سیکھنے سکھانے کے پروگرامز، برسوں کے تجربات و مطالعہ کی روشنی میں مدنی مذاکرے کے ذریعے علمی نوادرات کا بیان اور دیگر بہت سے اندازِ تعلیم شامل ہیں۔
ان سب کے علاوہ امت کو درپیش شرعی مسائل کی راہنمائی کے لئے دارالافتاء اہلِ سنّت، علمی و تحقیقی دینی لٹریچر پہنچانے کے لئے المدینۃُ العلمیہ(اسلامک ریسرچ سینٹر)، صحافت کے میدان میں دینیات کو فروغ دینے کے لئے ماہنامہ فیضانِ مدینہ اور دعوتِ اسلامی کے شب و روز، انٹرنیٹ کی دنیا میں علمِ دین کی اشاعت کے لئے 41 سے زائد ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
دعوتِ اسلامی کے اس قدر وسیع تعلیمی نیٹ ورک کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اَلحمدُ لِلّٰہ ہر سطح پر بچّوں، بچیوں اور مَردو خواتین کے لئے تمام نظام جدا جدا ہے۔ تعلیمی ادارے ہوں یا انتظامی مجالس، محافل ہوں یا اجتماعات ہر سطح پر شریعت کی پاسداری اور پردے کا شرعی نظام پوری طرح قائم ہے۔
اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں
اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہو
Dawat-e-islami and Global Peace
مولانا محمد صفدر علی عطّاری مدنی
امن وقت کی اہم ترین ضرورت:اس وقت مجموعی طور پر پوری دنیا بے چینی اور بد اَمنی کی لپیٹ میں ہے، ہر ملک امن اور سکون کا خواہاں ہے اور اپنی تمام تر توانائیاں امن کی تلاش میں صَرف کر رہا ہے، عالمی سطح پر اس مقصد کے لیے اربوں ڈالرز خرچ کیے جاتے ہیں، افواج اور تنظیمیں بنائی جاتی ہیں، قوانین اور پالیسیوں کا نفاذ ہوتا ہے تاکہ دنیا میں امن قائم کیا جاسکے لیکن اس کے باوجود بد امنی اب بھی پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ امن دنیا کے ہر معاشرے اور ہر طبقے کی ضرورت ہے، اس کے بغیر ترقی اور خوشحالی ایک خواب بن کر رہ جاتی ہے بلکہ یہ نہ ہو تو قومیں تباہی کے دہانے پر پہنچ جاتی ہیں۔ امن کیسے قائم ہوسکتا ہے یہ ایک تفصیلی موضوع ہے لیکن مختصر یہ کہ امن معاشرے میں اچھائی کے فروغ اور برائی کے خاتمے سے آتا ہے، ایک پُرامن معاشرہ اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب اس کے لوگوں میں اچھائی کے کام کرنے اور برائی کے کاموں سے رُکنے کا کلچر عام ہو جائے۔
اسلام اور پُرامن معاشرہ: اگر حقیقت کے آئینے میں دیکھا جائے تو یہ بات بخوبی واضح ہوجاتی ہے کہ دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے جو کردار دینِ اسلام نے ادا کیا ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ اسلام نے اچھائی کے فروغ اور برائی کے خاتمے کے لئے نہ صرف اجتماعی اور ملکی سطح کے قوانین دیئے ہیں بلکہ انفرادی سطح پر بھی افراد کی اچھی تربیت اور انہیں معاشرے کا بہترین فرد بنانے کیلئے ایک خوبصورت نظام دیا ہے۔ اسلام نے ایک طرف تو انسانی حقوق پامال کرنے والے عادی مجرموں کے لیے سزائیں مقرر کیں، لوگوں کی جان و مال اور عزت وآبرو کی حفاظت کے لیے مضبوط قوانین دیئے، عدل و انصاف کا بہترین اور مثالی نظام پیش کیا تو دوسری طرف انفرادی سطح پر معاشرے کے ہر فرد کو یہ سبق دیا کہ اس نے دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنا ہے، یہاں تک کہ اسلام نے غیر مسلم پڑوسی کے بھی حقوق بیان کئے ہیں۔ الغرض اسلامی تعلیمات معاشرے میں رہنے والے ہر فرد کو ایک اچھا انسان بناتی ہیں اور اسے یہ بھی سکھاتی ہیں کہ وہ اپنے اِرد گِرد بسنے والے افراد کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے اور ان کے حقوق کا خیال رکھے۔
پُرامن معاشرہ اور دعوتِ اسلامی: عالمِ اسلام کی بہت بڑی تحریک ”دعوتِ اسلامی“ اسلام کی انہی روشن تعلیمات کے مطابق معاشرے میں اچھائی کے فروغ اور افراد کی ذہنی وفکری تربیت کے ذریعے انہیں معاشرے کا بہترین فرد بنانے کیلئےدنیا بھر میں کام کررہی ہے۔ دعوتِ اسلامی اب تک ایسے بے شمار افراد کو راہِ راست پر لانے اور انہیں اچھا انسان بنانے کا کام کرچکی ہے جو پہلے معاشرے کے بدترین افراد سمجھے جاتے تھے مزید یہ کہ امنِ عامہ کو خراب کرنے والے ایسے عادی مجرم جو مختلف جیلوں میں سزائیں کاٹ رہے ہیں دعوتِ اسلامی جیلوں میں جا کر ایسے افراد کی بھی ذہن سازی کررہی ہے تاکہ وہ آئندہ ایسے جرائم کا ارتکاب نہ کریں، نیک مسلمان اور اچھے انسان بنیں۔
عالمی امنِ عامہ اور دعوتِ اسلامی: اسلام کا ایک بہت ہی خوبصورت پہلو یہ بھی ہے کہ اس نے مختلف قوموں اور رنگ ونسل کے لوگوں کو ” اِنَّمَا الْمُؤْمِنُوْنَ اِخْوَةٌ “ (یعنی مسلمان بھائی بھائی ہیں) (پ26، الحجرات: 10) کے رشتے میں جوڑ دیا ہے، یہ وہ رشتہ ہے جو تمام فاصلوں اور سرحدوں کے باوجود ایک دوسرے کے قریب کردیتا ہے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام ایک عالمگیر مذہب ہے، یہ دوریاں مٹاکر لوگوں کو جوڑتا ہے، نفرتیں مٹاکر محبتیں بانٹتا ہے۔ اسلام کے اسی مزاج کے مطابق دعوتِ اسلامی پوری دنیا میں اسلامی تعلیمات عام کرنے، نفرتیں مٹانے اور امن ومحبت کا پیغام عام کرنے میں مصروفِ عمل ہے، چونکہ امن جرائم کے خاتمے اور اچھائی کے فروغ سے ہی ممکن ہے لہٰذا دعوتِ اسلامی اپنے اصلاحی مشن کے ذریعے عالمی سطح پر بھی امن کے قیام میں ایک بہت بڑا کردار ادا کررہی ہے، یہاں تک کہ دعوتِ اسلامی کے اس انداز اور پیغامِ محبّت سے متأثّر ہوکر کئی غیر مسلم بھی اسلام قبول کررہے ہیں۔ امیرِ اہلِ سنّت، حضرت علامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی طرف سے جاری کردہ ”نیک اعمال“ نامی رسالہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے ذریعے معاشرے میں برائیوں سے بچنے اور نیک کام کرنے کا جذبہ بڑھ رہا ہے اور یوں معاشرے میں ایک مثبت (Positive)تبدیلی آرہی ہے۔
دعوتِ اسلامی پُرامن تنظیم ہے: اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے یہی وجہ ہے کہ اِس دین میں حقوقُ العباد کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے، ایک حقیقی مسلمان کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ اُس کی ذات سے کسی انسان کو تکلیف نہ پہنچے یہی وجہ ہے کہ دعوتِ اسلامی احتجاج (Protest)، توڑ پھوڑ اور ہنگاموں سے دور رہ کر تمام تر توجہ اصلاح اور تربیتِ معاشرہ پر مرکوز رکھتی ہے۔ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ فرماتے ہیں: پوری دنیا سُن لے کہ اِن شآءَ اللہ دعوتِ اسلامی نہ کبھی ہڑتال کرے گی، نہ احتجاج کرے گی، نہ ہنگامے کرے گی، نہ جلاؤ گھیراؤ کرے گی، نہ پتھر اُٹھائے گی، نہ آگ لگائے گی، نہ احتجاجی ریلیاں نکالے گی اور نہ ہی حکومتوں کے تختے اُلٹنے کے ہیر پھیر میں پڑے گی۔ اِن شآءَ اللہ یہ میرے بعد بھی ایسا نہیں کرے گی۔ دعوتِ اسلامی کے پاس بھرپور افرادی قوت ہے لیکن الحمدُ لِلّٰہ یہ تخریبی کاموں اور مار دھاڑ میں ملوث نہیں ہوتے، ہم اللہ سے ڈرنے والے لوگ ہیں اور یہ سوچ رکھتے ہیں کہ بس کسی بھی طرح اللہ کے بندوں کو ہمارے ذریعے راحت پہنچے، تکلیف نہ پہنچے۔ (مدنی چینل کا پروگرام :دلوں کی راحت، 19 اپریل 2020)
عظیم لیڈر اور مُدبّر: امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے یہ الفاظ بتارہے ہیں کہ آپ مدبّرانہ صلاحیتوں کے حامل، ایک عظیم لیڈر ہیں۔ آپ نے بہت ہی پیارے انداز میں دعوتِ اسلامی سے وابستہ لوگوں کو امن کا درس دیا اور ساتھ ہی تنظیم کی یہ پالیسی بھی بیان کردی کہ دعوتِ اسلامی ایک پُرامن جماعت ہے اور یہ اپنے مشن کو ہمیشہ پُرامن انداز میں دنیا بھر میں جاری رکھے گی۔ یہاں تک کہ امیرِ اہلِ سنّت نے یہ بھی فرمایا ہے کہ بِالفرض کوئی مجھے شہید کردے تو میری طرف سے اُسے میرے حُقُوق مُعاف ہیں۔وُرَثاء سے بھی درخواست ہے کہ اسے اپنا حق مُعاف کر دیں۔(غیبت کی تباہ کاریاں، ص 112 ) وقت نے ثابت کیا ہے کہ ایک عظیم لیڈر اور رہنما نے جس طرح ایک شفیق باپ کی طرح اپنے مُریدین اور متعلقین کی تربیت کی ہے اسی طرح اس نے دعوتِ اسلامی کی مقبولیت کو اوجِ ثریا پر پہنچا دیا ہے۔ دعوتِ اسلامی کو بنے اکتالیس سال گزر چکے ہیں، اس کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے لیکن اَلحمدُ لِلّٰہ دعوتِ اسلامی ملک اور بیرونِ ملک ہرجگہ پُرامن رہی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اسے یہ سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا ہے کہ دعوتِ اسلامی ایک غیر سیاسی اور پُرامن تنظیم ہے۔ اس طرح اسلام کا پیغامِ امن ومحبّت دعوتِ اسلامی کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی خوشبوئیں پھیلا رہا ہے۔
Welfare services of Dawat-e-Islami
مولانا عمر فیاض عطاری مدنی
دینِ اسلام دینِ فطرت ہے، اس کا مزاج تکریمِ اِنسانیت، نفع بخشی اور فیض رسانی ہے۔ اسلام نے بے سہارا افراد اور دُکھی انسانیّت کی مدد و اِعانت پر بہت زور دیا ہے۔ لوگوں کو بنیادی و معیاری تعلیم، صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، یتیموں کی بہترین انداز میں کفالت، معاشرے کے پِسے ہوئے محروم طبقات کی داد رَسی، اُن کے معاشی و معاشرتی حقوق کا دِفاع، لوگوں کے ساتھ حُسنِ معاملات اور اِنفاق و خیرات کے ذریعے ان کی اِعانت کرنا خدمتِ انسانیّت میں سرِ فہرست ہے۔ قراٰن و حدیث نے واضح الفاظ میں صاحبِ ثَروت افراد پر یہ ذمّہ داری ڈالی ہے کہ وہ معاشرے کے محروم طبقات کی دیکھ بھال کریں۔ مسلمانوں کو صرف انسانوں کے ساتھ ہی حُسنِ سلوک کا نہیں کہا گیا بلکہ جانوروں کے ساتھ رحم کے برتاؤ اور ماحولیات کی حفاظت کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
عصرِ حاضر میں عاشقانِ رسول کی عالمگیر عظیم دینی تحریک دعوتِ اسلامی اُمَّتِ مُسلِمہ کی نہ صرف علمی و فکری راہنمائی کررہی ہے بلکہ معاشرے میں دُکھی انسانیّت کی خدمت اور مجبور و محروم طبقے کی ہر ممکن مدد کیلئے بھی کوشاں ہے۔ رفاہی کاموں کی انجام دہی کیلئے دعوتِ اسلامی نے باقاعدہ ایک ڈپارٹمنٹ ”FGRF“ قائم کیا ہوا ہے جس کے ذریعے تعلیم، صحت اور فلاحِ عامہ کے میدانوں میں انسانیت کو جہالت، بیماری، غربت، بے روزگاری، قدرتی آفات اور بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے ماہر ٹیم سرگرمِ عمل ہے۔
وطنِ عزیز میں ناگہانی آفات کے مواقع پردعوتِ اسلامی ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔ سیلاب، زلزلہ، طوفانوں سے انسانی و مالی اَملاک کو جب نقصان پہنچا، یا اس کے خطرات لاحق ہوئے تو دعوتِ اسلامی کے ہزاروں کارکن مدد کے لئے آگے آئے اور ملک کے دُور دراز علاقوں میں جا کر متأثرین کو طبی، مالی اور اخلاقی معاونت فراہم کی۔ یہ سلسلہ آفات کے دنو ں میں ہی نہیں بلکہ سارا سال جاری رہتا ہے۔
دعوتِ اسلامی کی فلاحی خدمات کا جائزہ:FGRF کا وسیع نیٹ ورک پینسٹھ (65) سے زائد ممالک میں پھیلا ہوا ہے اور افرادی قوت کی وسیع دستیابی اِسے دیگر اداروں میں ممتاز بناتی ہے۔ FGRF کئی انداز سے اُمَّتِ محمدیہ کی خدمت کررہا ہے: * ڈیزاسٹر مینجمنٹ * فوڈ ڈِسٹری بیوشن * فیضان ری ہیبلی ٹیشن سینٹر (معذور بچوں کا علاج) * مدنی ہوم (یتیم خانہ) * ہیلتھ کیئر سینٹر * شجرکاری مہم/اَربَن فوریسٹ * بلڈ کیمپس * تھیلیسیمیا اور دیگر مریضوں کے لئے بلڈ ڈونیشن * فری میڈیکل کیمپس اور * اِسکِلز انہینسمنٹ پروگرامز سمیت وبائی امراض، ٹرین حادثات، زلزلہ، سیلاب، بارش کی آفات، آگ لگنے/بلڈنگ گرنے کے واقعات، آئی ڈی پیز کی مدد، غریبوں میں راشن کی تقسیم کاری، صحرائے تَھر اور چولستان میں واٹر پمپس لگانے و کنویں کھدوانے، اولڈ ہاوسز میں دعوتوں کا اہتمام، ہیٹ اسٹروک اسٹیبلائزیشن کیمپس اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں سحر و افطار کا اہتمام نہایت منظم انداز میں انجام دیا جارہا ہے۔
تھیلیسیمیا فری پاکستان: COVID-19 کے دوران تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کے عطیات کی شدید کمی ہوئی، خون کے عطیات نہ ہونے کے سبب مریض بچوں کو مایوس گھر واپس لوٹنا پڑ رہا تھا جو کسی بڑے انسانی المیے کا باعث بن سکتا تھا۔ اس نازک صورتحال کو دیکھتے ہوئے امیرِ اہلِ سنّت علّامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے دعوتِ اسلامی کے تمام ذمہ داران کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کی مدد کیلئے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ آپ حیران رہ جائیں گے کہ FGRF کے تحت مئی 2020ء سے جون 2022ء تک پاکستان بھر میں لگنے والے بلڈ کیمپس میں 50 ہزار سے زائد بلڈ بیگز عطیہ ہوئے جنہیں ملک بھر کے نامور بلڈ بینکس اور تھیلیسیمیا کے رجسٹرڈ اداروں میں جمع کروایا گیا۔
شجرکاری: جیسے جیسے سائنس ترقی کرتی جا رہی ہے اسی رفتار سے دنیا میں ٹرانسپورٹ کے دھوئیں اور فیکٹریوں کی وجہ سے پھیلنے والی فضائی آلودگی سے زمین کا درجہ حرارت بھی بڑھتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں موسمی حالات میں شدت اور انسانی زندگی پر اس کے مُضِر اثرات مرتب ہوتے جا رہے ہیں۔ گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے دنیا بھر میں شجرکاری پر زور دیا جارہا ہے، اس نیک کام میں دعوتِ اسلامی کی طرف سے بھی بھرپور انداز میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا اور بانیِ دعوتِ اسلامی نے مدنی چینل پر ایک ارب پودے لگانے کا اعلان فرمایا۔ ہدف کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اب تک WWF، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ حکومتی اداروں کے تعاون سے 20لاکھ سے زائد پودے دعوتِ اسلامی اور عاشقانِ رسول کی طرف سے لگائے جا چکے ہیں جبکہ مزید کوششیں بھی جاری ہیں۔
مدنی ہوم (یتیم خانہ): جولائی 2021ء میں دعوتِ اسلامی نے یتیم خانہ بنام ”مدنی ہوم“ بنانے کا فیصلہ کیا اور مکمل پلاننگ کے بعد مارچ 2022ء میں پہلے یتیم خانے کا سنگِ بنیاد نارتھ کراچی، کریلا اسٹاپ پر واقع فیضِ مدینہ مسجد سے متصل جگہ پر رکھ دیا۔ ترجمانِ دعوتِ اسلامی حاجی عبدالحبیب عطاری نے سنگِ بنیاد کی تقریب میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ”دعوتِ اسلامی مدنی ہوم میں موجود بچوں کے لباس، ان کے علاج، ان کی تعلیم و تربیت اور مستقبل کے حوالے سے ان کی کفالت کرے گی۔ یہاں دینی و دنیاوی دونوں تعلیم دلائی جائیں گی، تعلیم دیتے وقت مستقبل میں اس کے روزگار کو بھی مد نظر رکھا جائے گا۔“
ڈیزاسٹر منیجمنٹ: ڈیزاسٹر منیجمنٹ FGRF کا ایک بہت ہی نمایاں اور فعال شعبہ ہے، یہ شعبہ قدرتی آفات و حادثات مثلاً سیلاب، شدید بارش، زلزلہ، ٹرین حادثات، ہیٹ اسٹروک، وبائی امراض، بلڈنگ گرنے/ آگ لگنے اور ہوائی جہاز گرنے جیسے واقعات کے دوران فعال ہوتا ہے۔ متأثرہ افراد تک خوراک اور امدادی سامان پہنچانا، عارضی پناہ گاہوں کے ساتھ خوراک اور پینے کے پانی کی تقسیم کاری اس شعبے کی بنیادی ذمّہ داری ہے۔
مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر:پہلا مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر کراچی کے علاقے عائشہ منزل میں تیار ہوچکا ہے، 25صفرالمظفر 1444ھ کو یومِ رضا کے موقع پر اس کا افتتاح ہونے جارہا ہے۔ شعبے کے ذمّہ دار رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری کے مطابق ہیلتھ کیئر سینٹر میں ماہر ڈاکٹرز دستیاب ہوں گے۔ یہاں مردو خواتین کیلئے الگ الگ مکمل شرعی پردے کا خیال رکھتے ہوئے ایمرجنسی، گائنی، جنرل امراض (عام بیماریاں)، بچوں کے امراض، آرتھوپیڈک (ہڈیوں، جوڑوں، پٹھوں) کے امراض کا علاج ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیئر سینٹر میں بڑے ماہر ڈاکٹر کے زیرِ نگرانی علاج ہوگا اور انسانیت کی خدمت کی غرض سے ڈاکٹر کی فیس، ٹیسٹ اور میڈیسنز سمیت فیس صرف اور صرف تین سو سے پانچ سو روپے چارج کی جائے گی۔ یہاں روزانہ کی بنیاد پر 800سے 1200 مریض علاج کرواسکیں گے۔
مختلف معذور بچوں کا علاج: آٹِزم (Autism) اور سماعت کی معذوری کے ساتھ ساتھ حِسّی مسائل کے شکار بچوں کی بحالی بھی FGRF کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں FGRF نے شاہراہِ فیصل کراچی میں”فیضان ری ہیبلی ٹیشن سینٹر“ کے نام سے ایک بحالی مرکز قائم کردیا ہے جبکہ فیصل آباد میں بھی ایک جگہ حاصل کرلی گئی ہے جہاں آرٹ کی سہولیات اور جدید ترین تھراپی تکنیکوں سے پوری طرح لیس فیضان ری ہیبلی ٹیشن سینٹر کی دوسری برانچ قائم کی جائے گی۔
عاشقانِ رسول سے گزارش ہےکہ اپنے عطیات (Donation) کے ذریعے FGRF کے ساتھ تعاون فرمائیں۔ اگر آپ اس نیک کام میں حصہ ملانا چاہتے ہیں تو درج ذیل نمبر پر رابطہ فرمائیں۔
رابطہ نمبر:(021) 32792626
Dawat-e-islami and Latest Technology
اعجاز نواز عطاری مدنی
جدید ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت اور رابطے کا اہم ذریعہ ہے، اِس کے غلط استعمال کے نقصانات جبکہ درست اِستعمال کے کثیر فوائد بھی ہیں، اَلحمدُ لِلّٰہ دعوتِ اسلامی جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں مختلف طریقوں سے دِینی خدمات سراَنجام دے رہی ہے۔ تفصیل ملاحظہ کیجئے:
Mobile Appsکا تعارف:
دعوتِ اسلامی کا I.Tڈپارٹ اب تک 31 سے زائد مختلف ایپلی کیشنز Releaseکرچکا ہے، چند Apps یہ ہیں:
اِس ایپ سے باعتبارِ پارہ، سورت، آیت تلاوت کرسکتے ہیں، مختلف قاریوں کی آواز میں تلاوت سن سکتے ہیں، ڈاؤنلوڈ بھی کرسکتے ہیں، سرچ بھی کرسکتے ہیں۔
اِس ایپ سےقراٰنِ پاک مکمل ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھ سکتے ہیں، سرچ کرسکتے ہیں، کاپی بھی کرسکتے ہیں۔
قراٰنِ پاک کے لفظی اوربامحاورہ ترجمہ کی بہترین ایپ ہے، مختلف موضوعات کا ڈیٹا سرچ اور ڈاؤنلوڈ بھی کرسکتے ہیں۔
اِس ایپ کے ذریعے دِینی مسائل کی بہت بڑی کتاب بہارِ شریعت کے 20حصوں کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے، سرچنگ اور کاپی کی سہولت بھی ہے۔
اِس ایپ کے ذریعے دارُالافتاء اہلِ سنّت کے ہزاروں فتوے موضوعات کے اِعتبار سے پڑھ سکتے ہیں، سرچنگ اور ڈاؤنلوڈ بھی کرسکتے ہیں، مختلف کتب اورپروگرامزبھی دیکھ سکتے ہیں۔
یہ مختلف موضوعات کی دِینی کتابوں کی آن لائن ایپ ہے، یہاں سے کتابیں پڑھ کر ڈاؤنلوڈ اور شیئر بھی کرسکتے ہیں۔
اِس ایپ کے ذریعے لوکیشن سیٹ کرکے دُنیا کے ہزاروں مقامات کے نمازوں کے درست اَوقات معلوم کرسکتے ہیں، سمتِ قبلہ دیکھ سکتے ہیں، آٹوطریقے سےنمازوں کے اَوقات میں موبائل کو Silent موڈ پر سیٹ بھی کرسکتے ہیں۔
اگرآپ نیک بننا چاہتے ہیں تو یہ ایپ آپ کے لئے ہے، اِس ایپ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر اپنے معمولات کو چیک کرکے نیک بننے میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔
حج وعمرہ کرنے والوں کیلئے یہ ایپ بہترین ساتھی ہے، اِس میں حج وعمرے کا طریقہ، ضروری مسائل، ویڈیوز، دعائیں، مکہ، مدینہ، جدہ کے موسمی اَحوال اور کرنسی کنورٹر بھی ہے۔
چھوٹے بچّوں کی دِینی تربیت کی ایک بہترین ایپ ہے، اِس میں چھ کلمے، مختلف دعائیں، سنتیں اور آداب اوراَخلاقی تربیت پرمشتمل مختلف ویڈیوز موجود ہیں۔
اِس ایپ میں قراٰن وحدیث وبزرگانِ دِین کے اَقوال پر مشتمل مختلف موضوعات پر تحریری بیانات موجود ہیں۔
اِس ایپ کے ذریعے آپ اردو، انگلش، بنگلہ زبان میں مدنی چینل Liveدیکھ اورسُن سکتے ہیں۔
اِس ایپ کے ذریعے استخارہ اور ظاہری و رُوحانی بیماری کی کاٹ کروائی جاسکتی ہے، گھر بیٹھے تعویذات منگوائے جاسکتے ہیں، سلسلہ قادریہ رَضویہ عطّاریہ میں مرید بھی کروایا جاسکتا ہے۔
فیضان آن لائن اکیڈمی:
اِس شعبے کے ذریعے دعوتِ اسلامی بذریعہ انٹرنیٹ قراٰن و سنّت کی تعلیم عام کرنے کے لئے ناظرہ، حفظ، ترجمۂ قراٰن، تفسیرو حدیث، درسِ نظامی، فرض علوم، عقائد، سیرت، فقہ، طہارت، نماز، اِمامت، روزہ اور زکوٰۃ سمیت دیگرکئی کورسز آن لائن کروائے جاتے ہیں۔
Social media اور دعوتِ اسلامی:
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے یوٹیوب، فیس بک، اِنسٹاگرام، ٹویٹر اور واٹس ایپ وغیرہ کے غلط مواد و غلط اِستعمال سے وقت کا ضیاع، جھوٹ، غیبت، چغلی، بہتان، حسد، تکبر، بداَخلاقی، فحش گفتگو جیسی کئی بُرائیاں عام ہو رہی ہیں، صِرف تفریح کے لئے اِن کا استعمال سخت نقصان دہ ہے، دعوتِ اِسلامی اِن تمام پلیٹ فارمز پر مثبت اَنداز میں مختلف چینلز اورپیجز کے ذریعے نیکی کی دعوت کو خوب عام کررہی ہے:
مختلف Websitesکا قیام:
ویب سائٹس بھی معلومات کے حصول یا مختلف چیزوں کی تشہیر کا ایک بڑا ذریعہ ہیں، عِلمِ دِین حاصل کرنے کیلئے دعوتِ اِسلامی کی درج ذیل ویب سائٹس کا ضرور Visitکیجئے۔
دعوت اسلامی مدنی چینل کے ذریعے قراٰن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے میں بھی پیش پیش ہے، مدنی چینل کی 24 گھنٹے کی آن ایئر اور آف ایئر نشریات کے ذریعے نہ صِرف عِلمِ دِین حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اپنی، اپنے گھر والوں، بچّوں اور متعلقہ اَفراد کی دِینی اور دُنیاوی اَخلاقی تربیت بھی کرسکتے ہیں۔
واضح رہےکہ اِن تمام Appsکو Updateبھی کیا جاتا ہے، گوگل پلے وغیرہ پر اِن Appsکے نام لکھ کر سرچ کرکے اِنسٹال کیا جاسکتا ہے جبکہ آپ کی آسانی کے لئے ایک ایپ بنام ”Dawateislami Digital Services “ بھی تیار کی گئی ہے جس میں دعوتِ اسلامی کی تمام ایپس اور سوشل میڈیا لنکس موجود ہیں یہ ایپلی کیشن اس Qr-Code کو اسکین کرکے انسٹال کرسکتے ہیں۔
اَلحمدُ لِلّٰہ ان ایپس اور ویب سائٹس کے ذریعے بہت بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے، دعوتِ سلامی کی ویب سائٹس وزٹ کرنے والوں کی اوسط ماہانہ تعداد13 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے جبکہ دعوتِ اسلامی کی ایپس 16 ملین سے زائد تعداد میں انسٹال کی جاچکی ہیں۔
اللہ پاک دعوتِ اِسلامی کو مزید ترقی وعروج عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
۔۔۔۔۔