Fazail o Ausaaf Siddiq e Akbar رَضِیَ اللہ عنہ

Book Name:Fazail o Ausaaf Siddiq e Akbar رَضِیَ اللہ عنہ

صِدِّیقِ اکبر  رَضِیَ اللہ عنہ  جیسے ہو جاؤ!

پیارے اسلامی بھائیو! مسلمانوں کے پہلے خلیفہ حضرت ابو بکر صِدِّیق  رَضِیَ اللہ عنہ  کے فضائِل میں سے ایک فضیلت یہ بھی ہے کہ قیامت تک آنے والے مسلمانوں کو آپ کی پیروی کرنے، آپ کے نقشِ قدم پر چلنے اور آپ کی سیرت کو اپنے لئے نمونۂ حیات بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔پارہ:3، سورۂ آلِ عمران،آیت: 79 میں اللہ پاک فرماتا ہے:

كُوْنُوْا رَبّٰنِیّٖنَ (پارہ:3،آلِ عمران:79)

ترجمہ کنزُ العِرْفان: اللہ والے ہو جاؤ۔

حضرت ابو عبّاس عطا رحمۃُاللہ عَلَیْہ کی خدمت میں سُوال ہوا؛اس آیتِ کریمہ میں اللہ پاک نے ہمیں کس جیسا ہونے کا حکم دیا ہے؟ فرمایا:اس آیت میں حکم دیا جا رہا ہے کہ تم صِدِّیقِ اکبر  رَضِیَ اللہ عنہ  جیسے بن جاؤ!(کیونکہ جیسے رَبَّانی یعنی اللہ والے حضرت صِدِّیقِ اکبر  رَضِیَ اللہ عنہ  ہیں، انبیائے کرام علیہمُ السَّلام کے بعد ایسا اللہ والا اور کوئی نہیں ہے)۔ ([1])

قرآنِ کریم میں ایک دوسرے مقام پر ارشاد ہوتا ہے:

وَّ اتَّبِـعْ سَبِیْلَ مَنْ اَنَابَ اِلَیَّۚ- (پارہ:21، لُقْمٰن:15)

ترجمہ کنزُ العِرْفان:اور میری طرف رجوع کرنے والے آدمی کے راستے پر چل۔

سُلْطَانُ الْمُفَسِّرِین،حضرت عبد اللہ بن عباس  رَضِیَ اللہ عنہ مَا فرماتے ہیں: اس آیتِ کریمہ میں مَنْ اَنَابَ اِلَیَّۚ- یعنی اللہ پاک کی طرف رجوع لانے والے سے مراد حضرت ابو بکر صِدِّیق  رَضِیَ اللہ عنہ  ہیں۔([2])


 

 



[1]...اللمع فی التصوف،باب ذکر ابی بکر الصدیق...الخ،صفحہ:168۔

[2]...تفسیرِ بغوی،پارہ:21،سورۂ لقمان،زیرِ آیت:15،جلد:3،صفحہ:509۔