Book Name:8 Janwar, 4 Naseehatain
یعنی ہم میں سے ہر ایک کے اندر پایا جانے والا نفسِ اَمّارہ خُود ایک تکبّر سے بھرا ہوا فِرْعَون ہے۔ آپ اَندازہ کیجئے! جس کی سُکھائی ہوئی کَھال پر بیٹھ جانے سے نفس کا یہ فرعون عاجِزی کا پیکر بن جائے، اُس بکری کے اندر کتنی عاجِزی ہو گی...؟
*پِھر اُونٹ اور گائے ہے، اِن کے اَندر اِطَاعت گُزاری پائی جاتی ہے، اُونٹ کے متعلق یہاں تک مَشْہور ہے کہ اگر کوئی چُوہا اُونٹ کی رَسّی پکڑ کر چَل پڑے تو اُونٹ اُسی کے پیچھے چل پڑتا ہے، یہ اِتنا اِطَاعت والا جانور ہے۔ قربانی کے وقت گائے اور بھینس 10 آدمیوں کے قابُو میں نہیں آتی مگر یہ منظر بھی آپ نے گاؤں دیہاتوں میں دیکھا ہو گا کہ ایک چھوٹا سا بچا 10، 20 گائیوں کو اپنے پیچھے لگائے جا رہا ہوتا ہے، یہ اتنا طاقت والا جانور اُس ننھے سے بچے کی اِطَاعت اِخْتیار کر لیتا ہے۔
*اسی طرح اُونٹ کے اندر صبر کمال قسم کا پایا جاتا ہے، سخت گرمی ہو، صحرا ہو، تپتی ہوئی ریت ہو، اِس موسم اور حالت میں بھی یہ 15، 15 دِن تک پیاس برداشت کر لیتا ہے۔
ان 8جانوروں کی یہ 4خُصوصیات ہیں: (1):حُسْنِ اَخْلاق (2):عاجِزی (3):اِطَاعت و فرمانبرداری (4):صبر۔ اب اللہ پاک نے اِن 4جانوروں کے متعلق فرمایا:
كُلُوْا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللّٰهُ (پارہ:8، الانعام:142)
تَرجَمۂ کَنزالْعِرفَان:اللہ نے تمہیں جو رِزْق عطا فرمایا ہے اس میں سے کھاؤ۔
مطلب یہ کہ اِن 8جانوروں کو ذَبح کرو! اِن کی قربانیاں دو، اِن کا گوشت کھاؤ...!! اس سے جسم میں طاقت آئے گی، اُن کے اندر اللہ پاک نے جو یہ 4صِفَات رکھی ہیں، یہ اَپنا لو...!! تمہاری رُوح کو طاقت مِل جائے گی۔