Sayyida Hajra Ka Zikr e Khair

Book Name:Sayyida Hajra Ka Zikr e Khair

پیارے اسلامی بھائیو! نمازوں کی فِکْر کیجئے! نِیّت فرمائیے! عِیْد والے دِن بھی پانچوں نمازیں باجماعت ادا کریں گے۔ آپ دیکھیں گے کہ عِیْد والے دِن عاشقانِ رسول خِدْمتِ دِین کے کاموں کے لیے کھالیں جمع کر رہے ہوتے ہیں *ظاہِر ہے کھالیں اُٹھانا *موٹر سائیکل وغیرہ پر رکھنا *کیمپوں میں پہنچانا، ایک مشکل تَرِین کام ہوتا ہے، اس میں تھکاوٹ بھی بہت ہو جاتی ہے، کپڑے بھی خُون آلود ہو جاتے ہیں۔ لیکن اَلحمدُ لِلّٰہ! عاشقانِ رسول دِین کی خِدْمت کے لیے قربانی دیتے ہیں، گھروں میں خوشیاں ہوتی ہیں، یہ نئے نئے کپڑے پہن کر سیر و تفریح کی بجائے کھالیں جمع کرتے ہیں۔ تاکہ ان کی رقم سے مدرسے چلیں، حُفّاظ بنیں، قرآن کی تعلیم عام ہو، عِلْمِ دِین کی روشنی پھیلے۔

ان کے کپڑے جو ہیں، خُون سے لِتْھڑے ہوتے ہیں، اس کے باوُجُود انہیں نمازیں بروقت ادا کرنے کی تاکید ہوتی ہے۔ شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنت مولانا اِلْیاس عطّاؔر قادری  دَامَتْ بَرَکاتُہمُ العالیہ  نے باقاعِدَہ تربیت فرمائی، لکھ کر دے دیا  ہے کہ کھالیں جمع کرنے والے صاف کپڑوں کا ایک جوڑا اَپنے ساتھ رکھیں، جیسے ہی اذان ہو جائے، کپڑے تبدیل کریں اور پاک صاف کپڑے پہن کر باجماعت نماز ادا کریں۔

اَلحمدُ لِلّٰہ! امیر اہلسنت کو نمازوں سے محبّت ہے۔ ہمیں بھی ہونی چاہئے۔ ہمارے آقا  صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے نماز۔ لہٰذا ہم نے ایک بھی نماز عِیْد والے دِن بھی نہیں چھوڑنی، عِیْد کے بعد بھی نہیں چھوڑنی، کہیں مہمان بن کر جائیں تو وہاں بھی ساری نمازیں پڑھنی ہیں، باجماعت پڑھنی ہیں، مسجد میں تکبیرِ اُولیٰ کے ساتھ ادا کرنی ہیں اور ساری زندگی اِس پر کاربند رہنا ہے۔ اللہ پاک ہم سب کو عمل کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔