Book Name:Umer Yun Hi Tamam Hoti Hai

پیارے اسلامی بھائیو! رواں سال یعنی 2023ء تیزی کے ساتھ اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے، جلد ہی نیا عیسوی سال 2024ء شروع ہو جائے گا۔ نیو ائیر نائٹ (New Year Night یعنی نئے سال کی پہلی رات)...!ویسے تو اس کی کوئی تاریخی حیثیت نہیں ہے، آج سے کچھ عرصہ (تقریباً ایک آدھ صدی) سے پہلے کی تاریخ دیکھ لیجئے! شاید نیو ائیر نائٹ کے نام سے کوئی ایونٹ(Event)، کوئی تہوارنظرنہیں آئے گا مگر آج کے اس پُرفتن دور میں جس طرح اور بہت ساری خرافات بڑی تیزی سے ایجاد ہوئی ہیں اور مزید ہو رہی ہیں، انہی میں سے ایک نیو ائیر نائٹ بھی ہے۔ اللہ پاک ہمیں اپنی حفظ و امان میں رکھے...! افسوسناک بات ہے کہ ہمارے مُلْکِ عزیز پاکستان میں بھی اس رات کو بہت ساری خُرافات ہوتی ہیں *جشن منائے جاتے ہیں *ہوائی فائرنگ ہوتی ہے *ون ویلنگ کے نام پر موت کا کھیل کھیلا جاتا ہے *شرابیں پِی جاتی ہیں *لاکھوں روپے کی آتش بازی ہوتی ہےاور نہ جانے کیسے کیسے گندے اور گُنَاہوں بھرے کام کئے جاتے ہیں *اس رات کی خُرافات کے دوران سینکڑوں اموات بھی ہو جاتی ہیں *اس کے عِلاوہ اربوں روپیہ بھی ضائع بلکہ گُنَاہوں بھرے کاموں میں اُڑا دیا جاتا ہے۔

اللہ پاک ہمارے حال پر رحم فرمائے اور ایسی خُرافات سے ہمیں محفوظ فرمائے، دِن کے بعد رات، رات کے بعد دِن کا آنا، ہفتوں اور مہینوں کا گزرنا، ایک سال کے بعد نیا سال آنا اَصْل میں ان خُرافات کے لئے نہیں ہے بلکہ اس میں حکمت ہے، عبرت  اورنصیحت ہے۔

سلسلۂ روز و شَبْ، نقش گرِ حادثات

سلسلۂ روز و شَبْ اَصْلِ حیات و مَمَات