Book Name:Maut Ka Akhri Qasid

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

ہم عِبْرت کیوں نہیں لیتے؟

پیارے اسلامی بھائیو!ہمارے اَسْلاف، بزرگانِ دِین، اللہ پاک کے ان نیک بندوں کی سوچ کیسی پاکیزہ تھی، یہ عبرت و نصیحت (Advice)حاصِل کیا کرتے تھے،دیکھئے! حضرت اِیَاس بن قَتَا دہ رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ   نے داڑھی مبارک میں ایک سفید بال دیکھا، بس یہ ایک سفید بال ہی ان کو نصیحت کے لئے کافِی ہو گیا، آپ نے اس سے عبرت پکڑی، نصیحت حاصِل کی اور عِبَادت میں مَصْرُوف ہو گئے۔

آہ!ہم پر غفلت (Heedlessness)طارِی رہتی ہے،ہم نصیحت نہیں لیتے،ہم نگاہِ عِبْرت سے محروم ہیں۔ کائنات کا ذَرَّہ ذَرَّہ ہمیں پیغامِ فنا دے رہا ہے،یہ اُٹھتے جنازے، قبرستان کی بڑھتی آبادی،ڈھلتی جوانی،یہ گزرتے دِن،ڈھلتی چاندنی،ان سب میں عِبْرت ہے،یہ سب چیزیں ہمیں بتا رہی ہیں کہ اے غافِل انسان! موت آنے والی ہے۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

عِبْرت لینے کی ترغیب

اے عاشقانِ رسول!قرآنِ کریم نے ہمیں جگہ جگہ عِبْرت لینے کی ترغیب دِلائی ہے۔ پارہ:18، سورۂ نُور، آیت:44 میں اللہ پاک فرماتا ہے:

یُقَلِّبُ اللّٰهُ الَّیْلَ وَ النَّهَارَؕ-اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَعِبْرَةً لِّاُولِی الْاَبْصَارِ(۴۴)  (پارہ:18،سورۂ نور:44)

ترجَمہ کنز العرفان: اللہ رات اور دن کو تبدیل فرماتا ہے،بیشک اس میں  آنکھ والوں  کے لئے سمجھنے کا مقام ہے۔