Book Name:Qiyamat Ke Din Ke Gawah
دیکھ سکے گا۔ رسول ذیشان ، مکی مدنی سلطان صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے مزید فرمایا : رات جب آتی ہے ، وہ بھی یونہی اعلان کرتی ہے۔ ( [1] )
( 4 ) : کِراماً کاتبین
روزِ قیامت ہم پر چوتھا گواہ ہمارے اَعْمَال لکھنے والے فرشتے کِراماً کاتبین ہوں گے۔ اللہ پاک فرماتا ہے :
وَ اِنَّ عَلَیْكُمْ لَحٰفِظِیْنَۙ(۱۰) كِرَامًا كَاتِبِیْنَۙ(۱۱) یَعْلَمُوْنَ مَا تَفْعَلُوْنَ(۱۲) ( پارہ : 30 ، سورۂ انفطار : 10تا12 )
ترجَمہ کنزُ العرفان : اور بیشک تم پر ضرور کچھ نگہبان مقرر ہیں مُعَزّز لکھنے والےوہ جانتے ہیں جو کچھ تم کرتے ہو۔
غیب جاننے والے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : انسان مقصدِ زندگی سے غافِل ہے ، جب اللہ پاک کسی انسان کی پیدائش کا ارادہ فرماتا ہے تو فرشتے کو حکم دیتا ہے : اس کا رِزْق اور اس کی موت کا وقت لکھ ! فرشتہ لکھتا ہے اور چلا جاتا ہے ، پھر ایک اور فرشتہ مقرر کیا جاتا ہے جو اس کی پیدائش تک حفاظت کرتا ہے ، پھر جب انسان پیدا ہوتا ہے تو 2 فرشتے اس کے ساتھ مقرر کر دئیے جاتے ہیں جو موت تک اس کی نیکیاں اور گُنَاہ لکھتے رہتے ہیں ، پھر جب انسان کی موت کا وقت آتا ہے تو یہ فرشتے آسمانوں کی طرف چلے جاتے ہیں ، پھر جب قیامت قائِم ہو گی تو یہ فرشتے بندے کے پاس پہنچیں گے ، اس کا اَعْمَال نامہ اس کے گلے میں ڈال دیں گے ، ایک فرشتہ اسے ہانکتے ہوئے میدانِ محشر میں لے جائے گا اور دوسرا فرشتہ اس پر گواہی دے گا۔ ( [2] )